سام سنگ کا بھارت اور جنوبی کوریا میں نیوز سروس بند کرنے کا اعلان
سوون: جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے بھارت اور جنوبی کوریا میں اپنے گلیکسی اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر دستیاب نیوز سروس ’’سام سنگ نیوز‘‘ 21 دسمبر 2026ء سے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سروس کی بندش کے بعد صارفین کو نیوز ویجٹ کے ذریعے تازہ خبروں اور دیگر معلومات کی اپ ڈیٹس موصول نہیں ہوں گی، جبکہ پلیٹ فارم پر محفوظ ان کے پروفائلز اور خبروں سے متعلق ذاتی ترجیحات کا ڈیٹا بھی مستقل طور پر حذف کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سام سنگ نے بھارت اور جنوبی کوریا میں اپنے صارفین کو اِن ایپ نوٹیفکیشن کے ذریعے سروس بند کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے 26 اکتوبر کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سام سنگ نیوز سروس 21 دسمبر 2026ء کو رات 12 بجے بند کردی جائے گی۔ اس تاریخ کے بعد نیوز ویجٹ کو مزید خبریں یا کسی بھی نوعیت کی نئی معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی۔
کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سروس بند ہونے سے پہلے اپنی ہوم اسکرین سے سام سنگ نیوز کا ویجٹ ہٹا دیں کیونکہ مقررہ تاریخ کے بعد یہ فعال نہیں رہے گا۔ سروس بند ہونے کے نتیجے میں صارفین کی جانب سے بنائے گئے پروفائلز، خبروں سے متعلق پسند اور ناپسند، ذاتی ترجیحات اور دیگر محفوظ ترتیبات بھی مستقل طور پر حذف کردی جائیں گی، قانونی تقاضوں کے تحت بعض معلومات کو ایک مخصوص مدت تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
سام سنگ نیوز کو اپریل 2023ء میں متعارف کرایا گیا تھا، جس نے کمپنی کی سابقہ نیوز سروس ’’سام سنگ فری‘‘ کی جگہ لی تھی۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد گلیکسی صارفین کو ایک ہی جگہ مختلف خبر رساں اداروں کی تازہ خبریں، کھیلوں کی معلومات، مالیاتی اپ ڈیٹس اور دیگر دلچسپی کے موضوعات سے متعلق مواد فراہم کرنا تھا۔ صارفین اپنی پسند کے مطابق خبریں اور موضوعات منتخب کرسکتے تھے، جس کے نتیجے میں انہیں ان کی دلچسپی سے متعلق مواد دکھایا جاتا تھا۔
سام سنگ نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ نیوز سروس بند کرنے کا فیصلہ کن وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمپنی اپنے گلیکسی فونز کی ہوم اسکرین پر خبروں اور معلومات کی فراہمی کے لیے گوگل ڈسکور کو بنیادی نیوز فیڈ کے طور پر شامل کرسکتی ہے، سام سنگ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
فی الحال سروس بند کرنے کا نوٹیفکیشن صرف بھارت اور جنوبی کوریا کے صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ دیگر ممالک اور مارکیٹس میں سام سنگ نیوز کے مستقبل کے حوالے سے کمپنی نے کوئی حتمی تاریخ یا فیصلہ سامنے نہیں رکھا۔ اس لیے یہ واضح نہیں کہ آیا دیگر خطوں میں بھی یہ سروس اسی تاریخ کو بند کی جائے گی یا وہاں صارفین کو بدستور سہولت فراہم کی جاتی رہے گی۔
سام سنگ نیوز کی بندش کے بعد صارفین خبروں اور تازہ معلومات کے حصول کے لیے گوگل نیوز اور گوگل ڈسکور سمیت دیگر دستیاب نیوز پلیٹ فارمز استعمال کرسکیں گے، سام سنگ کی اس تبدیلی سے گلیکسی صارفین کے لیے کمپنی کی اپنی نیوز سروس کا ایک اہم ذریعہ ختم ہوجائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت