پی ٹی آئی نے نئے صوبوں پر ریفرنڈم کو عمران خان کی منظوری سے مشروط کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کرانے اور اس کے نتائج کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے کہ میرا بس چلے تو ہر ڈویژن کو صوبہ بنا دوں، صوبوں کے حوالے سے کلیئر اور ہمارا ہمیشہ صوبوں کے قیام کا موقف رہا ہے۔یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے کوئی مسودہ نہیں ہے، بلاول بھٹو بھی کہتے ہیں ان کے پاس بھی کوئی مسودہ نہیں اور نہ ہی باضابطہ طور پر انہیں بتایا گیا، ہمارا موقف ہے کہ ہم بانی سے اس حوالےسے مشاورت کریں گے ، ریفرنڈم آئین کی شق کا متبادل تو نہیں ہو سکتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ریفرنڈم کو ماننے کی بنیاد کیا ہو گی اس کا فیصلہ بھی بانی ہی کریں گے، ہم اس فارم 47 کی حکومت اور ان کے ایم این ایز کو قبول نہیں کرتے تو ان کے ریفرنڈم کو کیسے قبول کر سکتے ہیں لیکن ریفرنڈم کے معاملے پر کور کمیٹی میں بحث ہوگی اس کے بعد ریفرنڈم سے متعلق بانی سے ہدایات لی جائیں گی اور حتمی فیصلہ وہ ہی کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ ماضی میں زور زبردستی سے ریفرنڈ م کروا تو لیے گئے لیکن اس کو مانا نہیں گیا، ریفرنڈم کا ہمیشہ مذاق بنا ، اس کو کبھی مانا نہیں گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بانی کی ذات اور صحت کے حوالےسے بیان کو ہم ویلکم کرتے ہیں لیکن بلاول بھٹو نے باقی جو باتیں کی ہیں وہ ہماری سمجھ سے باہر ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ پہلے اپنے گورنر فیصل کریم کنڈی سے استعفی دلوائیں، آئیں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بیان دیتے ہیں پھر ان کے والد سے ملاقات کے بعد معاملہ بیٹھ جاتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت