ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کے 5 آرڈیننسز اور 12 بلوں کی منظوری دے دی

قومی خبریں
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کے 5 آرڈیننسز اور 12 بلوں کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا سے متعلق 5 آرڈیننسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 12 بلوں کی منظوری دے دی، جن میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، ثقافت، مذہبی امور اور سیاحت کے قوانین میں ترامیم شامل ہیں۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق منظور کیے گئے آرڈیننسز میں خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 (مخصوص اضلاع) اور خیبر پختونخوا اسپیشل انیشیٹوز آرڈیننس 2026 (مخصوص اضلاع کے علاوہ) شامل ہیں۔

صدر مملکت نے خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی (اختیارات، استثنیٰ اور مراعات) (ترمیمی) آرڈیننس 2026، خیبر پختونخوا سوسائٹیز (رجسٹریشن) (ترمیمی) آرڈیننس 2026 اور خیبر پختونخوا اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر (تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات) آرڈیننس 2026 کی بھی توثیق کردی۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے مختلف اداروں اور شعبوں سے متعلق 12 بلوں کو بھی قانونی منظوری دے دی، جن میں تعلیمی اداروں، اعلیٰ تعلیم، تحقیق، ثقافت، مذہبی امور اور سیاحت سے متعلق قوانین میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

منظور شدہ بلوں میں آرکائیول میٹیریل (تحفظ اور برآمدات پر کنٹرول) (ترمیمی) بل 2026، پاکستان اسٹڈی سینٹرز (ترمیمی) بل 2026، ایریا آف اسٹڈی سینٹرز (ترمیمی) بل 2026 اور سینٹرز آف ایکسی لینس (ترمیمی) بل 2026 شامل ہیں۔

اسی طرح فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ترمیمی) بل 2026 اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2026 کی بھی منظوری دے دی گئی، جب کہ نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ (ترمیمی) بل 2026 اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (ترمیمی) بل 2026 بھی منظور شدہ قانون سازی کا حصہ ہیں۔

صدر مملکت نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (ترمیمی) بل 2026، این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان (ترمیمی) بل 2026، پاکستان کونسل فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ترمیمی) بل 2026 اور پاکستان ٹورسٹ گائیڈز (ترمیمی) بل 2026 کی بھی منظوری دے دی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت