یمن: حوثی باغیوں کے خلاف 854 فوجی کارروائیاں، 193 افراد ہلاک یا زخمی
یمنی فوج نے حوثی باغیوں کے خلاف مختلف محاذوں پر کی جانے والی فوجی کارروائیوں میں 193 افراد کو ہلاک یا زخمی کرنے اور 81 عسکری گاڑیوں سمیت فوجی سازوسامان تباہ یا نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے جمعے کو جاری بیان میں بتایا کہ حوثی باغیوں کے خلاف مجموعی طور پر 854 کارروائیاں کی گئیں، جنہیں ’فجرِ یمن‘ آپریشن کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں میں سرکاری فوج کو عوامی مزاحمتی فورسز کی معاونت بھی حاصل رہی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان میجر ماجد النزیلی نے بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران باغیوں کے ٹھکانوں اور مختلف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں جانی اور فوجی سازوسامان کے حوالے سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں فضائی حملوں، توپ خانے کی گولہ باری، ڈرونز اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا گیا۔ ان میں 31 فضائی حملے، توپ خانے سے 687 حملے، ڈرونز کے ذریعے 91 کارروائیاں اور راکٹ لانچرز سے 45 حملے شامل تھے۔
یمنی فوج کا کہنا ہے کہ مختلف محاذوں پر جاری کارروائیوں کے دوران حوثی باغیوں کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچایا گیا اور ان کے متعدد جنگجوؤں کو ہلاک یا زخمی کیا گیا۔
تاہم یمنی فوج کی جانب سے جاری کردہ ہلاکتوں، زخمیوں اور عسکری سازوسامان کی تباہی سے متعلق اعدادوشمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت