ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ننھے پرندے نے مسلسل پرواز کرتے ہوئے 4 روز میں 5,700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرلیا

قومی خبریں

صرف 150 گرام وزن رکھنے والے ایک ننھے پرندے نے مسلسل 101 گھنٹے پرواز کرکے 5,700 کلومیٹر کا سفر طے کرلیا۔ امُر فالکن نامی اس پرندے نے دورانِ پرواز نہ آرام کیا اور نہ ہی خوراک کے حصول کے لیے کہیں رکا، بلکہ افریقی ملک صومالیہ کے ساحل تک پہنچ کر اپنی غیر معمولی پرواز سے سائنس دانوں کو حیران کردیا۔

دنیا میں ہجرت کرنے والے پرندوں کی کئی اقسام موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہزاروں کلومیٹر کا سفر کرتی ہیں، تاہم امُر فالکن کی مسلسل پرواز کو ایک غیر معمولی کارنامہ قرار دیا جارہا ہے، جس نے اس چھوٹے پرندے کی جسمانی طاقت اور برداشت کے نئے پہلو سامنے لائے ہیں۔

سیٹلائٹ کے ذریعے حاصل ہونے والے تازہ اعداد و شمار کے مطابق الانگ نامی نوجوان امُر فالکن نے 101 گھنٹوں میں 5,700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے صومالیہ کے ساحل تک رسائی حاصل کی۔ اس دوران پرندے نے تقریباً 4 دن اور 5 گھنٹے تک مسلسل پرواز جاری رکھی اور راستے میں کہیں بھی آرام یا خوراک کے لیے توقف نہیں کیا۔

اسی سفر پر اپاپانگ نامی ایک بالغ نر امُر فالکن بھی روانہ ہوا تھا، جس کی نقل و حرکت پر بھی محققین نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تازہ معلومات کے مطابق اپاپانگ 95 گھنٹوں میں تقریباً 4,100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرچکا تھا اور اس وقت بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کررہا تھا۔

امُر فالکن کا شمار دنیا کے طویل فاصلے تک ہجرت کرنے والے پرندوں میں ہوتا ہے۔ تقریباً 150 گرام وزن رکھنے والا یہ پرندہ ہر سال ہزاروں کلومیٹر کا سفر کرتا ہے۔ اس کی افزائش نسل مشرقی روس، شمال مشرقی چین اور منگولیا کے علاقوں میں ہوتی ہے، جہاں سے موسم بدلنے کے ساتھ یہ جنوبی اور مشرقی افریقہ کی طرف ہجرت کرتا ہے۔

ہجرت کے دوران ان پرندوں کے سفر کا ایک اہم مرحلہ شمال مشرقی علاقوں سے گزرنا بھی ہے، جہاں یہ بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔ ان مقامات پر انہیں وافر مقدار میں کیڑے مکوڑے دستیاب ہوتے ہیں، جنہیں کھا کر یہ طویل سفر کے لیے اپنے جسم میں توانائی ذخیرہ کرتے ہیں۔

امُر فالکن کی ہجرت کے دوران سب سے کٹھن مرحلہ بحیرہ عرب کو عبور کرنا ہوتا ہے، کیونکہ اس سفر میں انہیں طویل فاصلے تک سمندر کے اوپر پرواز کرنا پڑتی ہے۔ سمندر میں ایسی کوئی جگہ موجود نہیں جہاں یہ پرندے اتر کر آرام کرسکیں یا خوراک حاصل کرسکیں، جس کے باعث مسلسل پرواز ان کی جسمانی قوت اور برداشت کا سخت امتحان بن جاتی ہے۔

الانگ اور اپاپانگ کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے کے لیے سائنس دانوں نے ان کے جسموں پر سیٹلائٹ ٹریکرز نصب کیے ہیں۔ نومبر 2025 میں وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے محققین نے منی پور امُر فالکن ٹریکنگ منصوبے کے تحت ان دونوں پرندوں کو انتہائی ہلکے وزن کے برقی آلات لگائے تھے، جن کی مدد سے ان کی پرواز کے راستے، رفتار اور مسلسل سفر کے دورانیے سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

اس تحقیق سے جہاں امُر فالکن کی حیرت انگیز صلاحیتوں کو سمجھنے میں مدد مل رہی ہے، وہیں ان پرندوں کے قدرتی مسکن اور تحفظ کی اہمیت بھی اجاگر ہورہی ہے۔ منی پور کے ضلع تامینگ لونگ میں مقامی افراد ان پرندوں کے روایتی قیام گاہوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، جہاں امُر فالکن طویل ہجرت سے قبل خوراک حاصل کرنے اور توانائی بحال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔

الانگ کی ریکارڈ پرواز نے ایک بار پھر قدرت کے ان چھوٹے جانداروں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو نمایاں کردیا ہے، جبکہ اپاپانگ کی جاری ہجرت پر نظر رکھنے سے سائنس دانوں کو یہ جاننے میں مزید مدد ملے گی کہ امُر فالکن سمندر کے اوپر بغیر کسی وقفے کے کتنی طویل پرواز کرسکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت