بجلی صارفین کے لیے بُری خبر: دسمبر میں فی یونٹ 4.22 روپے اضافے کا امکان
کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو دسمبر میں اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کے تحت فی یونٹ 4 روپے 22 پیسے اضافے کا تخمینہ ہے۔ یہ تفصیلات وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی قیمتوں کے اجلاس میں پیش کی گئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں دسمبر کے نرخوں اور صارفین پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین اس وقت بلوں میں دونوں ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کررہے ہیں۔ دسمبر میں یہ رقم 4 روپے 22 پیسے ہونے کا امکان ہے۔
نومبر کے مقابلے میں ایڈجسٹمنٹس کا اضافی بوجھ ایک روپے 33 پیسے فی یونٹ بڑھ سکتا ہے۔ ممکنہ اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔ وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اضافی مالی دباؤ کم رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔
دریں اثنا بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا میں درخواست دی ہے۔ کمپنیوں نے آئندہ 3 ماہ کے لیے فی یونٹ ایک روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری مانگی ہے۔ اس حوالے سے سماعت مکمل ہوچکی ہے، تاہم حتمی فیصلہ باقی ہے۔
علاوہ ازیں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ اس اضافے کا اطلاق بھی آئندہ ماہ متوقع ہے۔ دونوں درخواستیں منظور ہوئیں تو مجموعی اضافہ 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت