ایس آئی وی ڈی میں 22 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج، 1626 اوپن ہارٹ سرجریز بھی مکمل
کراچی : سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (ایس آئی سی وی ڈی) نے رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران سندھ بھر میں دل کے دورے کے 22 ہزار 639 مریضوں کو مفت ہنگامی طبی سہولیات فراہم کیں، جبکہ اسی عرصے میں ایک ہزار 626 مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری بھی مفت انجام دی گئی۔ ادارے کے صوبے بھر میں قائم 30 چیسٹ پین یونٹس کے ذریعے تقریباً 4 لاکھ 64 ہزار ہنگامی مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر 10 ماہ میں 37 لاکھ 70 ہزار مفت طبی خدمات انجام دی گئیں۔
ایس آئی سی وی ڈی کی جانب سے جنوری سے اکتوبر 2026 تک کی جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ادارے کے ایمرجنسی اور ٹریاژ شعبوں میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 98 ہزار 401 مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا، جبکہ 55 ہزار 846 شدید بیمار مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرکے ان پیشنٹ کیئر فراہم کی گئی۔ چیسٹ پین یونٹس کے وسیع نیٹ ورک میں روزانہ اوسطاً 1500 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جہاں دل کے دورے اور سینے میں درد کی شکایت کے ساتھ آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایس آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال کے مطابق ادارے کی جانب سے بالغ افراد کے ساتھ بچوں کے امراض قلب کے مفت علاج پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ 10 ماہ کے دوران انجام دی جانے والی ایک ہزار 626 اوپن ہارٹ سرجریز میں 220 بچے اور ایک ہزار 406 بالغ افراد شامل تھے۔ بچوں کے امراض قلب کے شعبے میں ایک ہزار 660 کیتھ لیب پروسیجرز مکمل کیے گئے، جبکہ 37 ہزار 679 بچوں کے ایکو کارڈیوگرام بھی کیے گئے۔
ایس آئی سی وی ڈی کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) میں جنوری سے اکتوبر کے دوران 4 لاکھ 13 ہزار 97 مریضوں نے طبی سہولیات حاصل کیں۔ ان میں 62 ہزار 901 بچے جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار 196 بالغ افراد شامل تھے۔ مریضوں کو امراض قلب کی تشخیص، علاج اور طبی مشاورت کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ادارے کے جدید کیتھ لیب اور دیگر طبی شعبوں میں بھی بڑی تعداد میں پروسیجرز مکمل کیے گئے۔ ہنگامی اینجیو پلاسٹی کے علاوہ 7 ہزار 210 مریضوں کی تشخیصی اینجیوگرافی کی گئی، جنہیں طبی ضرورت کے مطابق ادویات یا مزید علاج اور سرجری کے لیے ریفر کیا گیا۔ اس کے علاوہ 880 مریضوں کو مستقل پیس میکر جبکہ 612 مریضوں کو عارضی پیسنگ کی سہولت فراہم کی گئی۔ فالج کے 89 مریضوں کے لیے جدید انٹروینشنل طریقہ علاج بھی استعمال کیا گیا۔
ایس آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے بتایا کہ 10 ماہ کے دوران 10 لاکھ سے زائد ای سی جی اور 9 لاکھ 75 ہزار سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے۔ اس طرح ای سی جی اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد تقریباً 20 لاکھ رہی۔ اسی عرصے میں ایک لاکھ 16 ہزار ایکو کارڈیوگرام، تقریباً 60 ہزار ایکس رے اور 6 ہزار 300 سے زائد برین سی ٹی اسکین اور سی ٹی اینجیوگرافی کے ٹیسٹ بھی مکمل کیے گئے۔ مریضوں کی بحالی اور صحت یابی کے لیے 13 ہزار 390 فزیوتھراپی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔
ایس آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے ادارے کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینے میں درد یا دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں مریض کو گھر کے قریب فوری اور معیاری طبی سہولت کی فراہمی زندگی اور موت کا فرق ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دل کے دورے کی صورت میں بروقت طبی امداد اور علاج انتہائی اہمیت رکھتا ہے، اسی لیے ادارے نے سندھ بھر میں چیسٹ پین یونٹس کا نیٹ ورک قائم کیا ہے تاکہ مریضوں کو فوری طبی سہولیات میسر آسکیں۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال کا کہنا تھا کہ ادارے کی اولین ترجیح ہنگامی قلبی طبی سہولیات کو سندھ کے ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ ایس آئی سی وی ڈی اس مقصد کے تحت غریب اور مستحق مریضوں کو بھی اوپن ہارٹ سرجری اور اینجیو پلاسٹی جیسے انتہائی مہنگے اور پیچیدہ علاج کی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کر رہا ہے تاکہ مالی مشکلات کسی مریض کے علاج میں رکاوٹ نہ بنیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت