مولانا فضل الرحمن نے خود حکومت سے تعلقات خراب کیے، وفاقی وزیر دفاع
اسلام آباد:وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے میں کوئی حصہ نہ مانگنے کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہے کہ اس نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا، مولانا فضل الرحمن سے اختلافات پہلے بھی رہے ہیں، ماضی میں معاملات اس نہج تک نہیں پہنچے تھے۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو فوری طور پر جواب نہیں دینا چاہتے تھے، مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ان کے اچھے مراسم رہے ہیں اور دونوں کے درمیان ماضی میں بھی سیاسی اختلافات پیدا ہوتے رہے ہیں لیکن حالیہ صورت حال میں معاملات پہلے سے مختلف ہوگئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی ذات پر تنقید یا حملہ ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں، مولانا فضل الرحمن حکومت کی ساکھ کو نشانہ بنا رہے تھے،اگر مولانا فضل الرحمن کا دامن صاف ہے تو انہیں اپنے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کا سامنا کرنا چاہیے، سیاست دانوں کو مختلف ادوار میں اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کسی بھی معاملے میں قانون کے مطابق اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست دانوں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف بھی ایسے حالات سے گزر چکے ہیں،وہ خود بھی ماضی میں ان حالات کا سامنا کرچکے ہیں اور آئندہ بھی ایسے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، سیاسی رہنماؤں کو مشکلات اور اختلافات کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم رہنا پڑتا ہے۔
مولانا فضل الرحمن سے صلح یا تعلقات کی بحالی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ اس وقت اس معاملے پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمن نے خود تعلقات خراب کیے ہیں اور تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے میں ان کا اپنا کردار نہ ہونے کے برابر ہے،موجودہ صورت حال کی ذمہ داری حکومت یا ان پر عائد ہوتی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی 13 سالہ حکومت کی کارکردگی پر بھی تنقید کی، صوبے میں گزشتہ 13 برس کے دوران کرپشن عروج پر پہنچی اور ترقیاتی فنڈز کے نام پر بڑی رقوم حاصل کی جاتی رہیں، ان کا بڑا حصہ عوامی منصوبوں پر خرچ ہونے کے بجائے جیبوں میں چلا گیا،صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری وسائل کے استعمال کے حوالے سے سنجیدہ سوالات موجود ہیں۔
خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی اندرونی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کئی گروپ بن چکے ہیں اور ہر گروپ دوسرے گروپ کے ساتھ محاذ آرائی کی کیفیت میں ہے، تحریک انصاف کے اندر اختلافات اور گروپ بندی کی وجہ سے پارٹی کو اندرونی مشکلات کا سامنا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت