پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاکستان نے عالمی مالیاتی گروپ جی 24 کی صدارت سنبھال لی

قومی خبریں

اسلام آباد: پاکستان نے بین الحکومتی گروپ جی 24 کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی معاشی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دلانا پاکستان کی پہلی ترجیح ہوگی جبکہ ترقی پذیر ممالک کی عالمی مالیاتی اداروں میں مؤثر نمائندگی اور عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات بھی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان جی 24 کی صدارت کے دوران ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش معاشی چیلنجز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے گا، عالمی معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور ترجیحات کو زیادہ اہمیت ملنی چاہیے تاکہ عالمی ترقی کا عمل تمام ممالک کے لیے یکساں مواقع فراہم کرسکے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کی صدارت کے دوران 3 بنیادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ پہلی ترجیح عالمی معاشی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دلانا ہے۔ دوسری ترجیح ترقی پذیر ممالک کی عالمی مالیاتی اداروں میں مؤثر اور مناسب نمائندگی یقینی بنانا ہوگی جبکہ تیسری ترجیح عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی معیشت میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے، جن میں قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، مالی وسائل کی کمی، مہنگائی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کی محدود دستیابی شامل ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کے نظام کو زیادہ مؤثر، منصفانہ اور ترقی پذیر ممالک کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے جی 24 کی صدارت سنبھالنے کا خیرمقدم کیا ہے، پاکستان جی 24 کے پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرسکے گا۔

صدر مملکت کے مطابق اس ذمہ داری سے پاکستان کو عالمی معاشی مباحث میں ترقی پذیر ممالک کے مسائل اور ترجیحات اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، پاکستان اس پلیٹ فارم کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور ان کے معاشی مفادات کے تحفظ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے بھی پاکستان کو جی 24 کی صدارت ملنے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت ملے گی، جی 24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات کے لیے اپنا مؤقف پیش کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات کی نمائندگی کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ جی 24 ترقی پذیر ممالک کا بین الحکومتی گروپ ہے، جو عالمی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی اقتصادی پالیسیوں سے متعلق معاملات پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔ پاکستان کی صدارت کو ترقی پذیر معیشتوں کے مسائل اجاگر کرنے، عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی حمایت اور بین الاقوامی اقتصادی فیصلوں میں ان ممالک کی نمائندگی بہتر بنانے کے ایک موقع کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت