پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

وزیراعظم کی پی ٹی آئی کی 13 سالہ کارکردگی پر تنقید، ترقیاتی منصوبوں کا حساب مانگ لیا

قومی خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی 13 سالہ حکمرانی کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے پوچھا ہے کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت صوبے کو ملنے والے 800 ارب روپے کہاں خرچ کیے گئے اور اس رقم سے عوام کو کیا سہولیات فراہم کی گئیں۔

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مسلسل 13 سال تک حکومت کرنے والی تحریک انصاف کو اپنی کارکردگی کا حساب دینا چاہیے، صوبائی حکومتیں بتائیں کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والے 800 ارب روپے سے کتنے سیف سٹی منصوبے قائم کیے گئے، محکمہ انسداد دہشت گردی کو کتنا مضبوط بنایا گیا اور عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق کتنے اسپتال، جامعات اور ڈیم تعمیر کیے گئے؟

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال تک عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینے کے بجائے بڑے بڑے دعوے کیے گئے، اس عرصے میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں، لانگ مارچ اور دھرنوں پر زیادہ توجہ دی گئی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں خیبرپختونخوا کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت فیصلہ نہ کیا جاتا تو صوبے کو مزید نقصان پہنچ سکتا تھا، عوام، ملک، معیشت اور معاشرے کو محفوظ رکھنے کے لیے فیصلہ کرنا ضروری ہوگیا تھا، حکومت نے ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اقدامات کیے ہیں،قومی سلامتی، امن و امان اور معاشی استحکام کے معاملات پر بروقت فیصلے ناگزیر ہوتے ہیں اور ان میں تاخیر کے منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کو ترقی کے عمل میں آگے بڑھانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت