اتوار، 1 نومبر، 2026 · 22 جمادی الاول، 1448 ہجری

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز سے ڈرون ٹکرا کر گرگیا، تحقیقات شروع

قومی خبریں

لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ریموٹ کنٹرول ڈرون ٹکرا کر گرگیا، جسے سکیورٹی اہلکاروں نے قبضے میں لے لیا۔ پولیس نے واقعے کو نگرانی اور ریکی کی کوشش قرار دیتے ہوئے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈرون جلو موڑ کی جانب سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی طرف آیا اور عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گرگیا۔ واقعے کے فوراً بعد ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے ڈرون اپنی تحویل میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے ڈرون بھیج کر حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کی، ڈرون کے ذریعے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی نگرانی اور ریکی کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ حکام اس امکان کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ڈرون بھیجنے کا مقصد حساس عمارت کی سکیورٹی اور اندرونی انتظامات سے متعلق معلومات حاصل کرنا تھا۔

واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کا معائنہ کیا اور اسے کلیئر قرار دے دیا، ڈرون کی جانچ کے بعد کسی دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع نہیں ملی۔

تحقیقاتی حکام ڈرون کی ساخت، اس میں موجود آلات اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اس کے آپریشن سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اسے بھیجنے والے افراد تک پہنچا جاسکے۔ اس حوالے سے یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ڈرون کہاں سے اڑایا گیا اور اسے کس مقصد کے تحت سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب بھیجا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد واقعے کی نوعیت اور اس کے پس منظر سے متعلق تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت