کراچی کی صنعتوں کو بجلی، گیس اور پانی سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، منعم ظفر کامطالبہ
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے کراچی کی انڈسٹری کو بجلی، گیس اور پانی سمیت بنیادی سہولیات اور ضروریات کی فراہمی یقینی بنائے۔
منعم ظفرخان نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں فرنیچر کی بڑی بڑی مارکیٹیں موجود ہیں، روایتی ہنر مندی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے اور جدید ڈیزائن و عالمی معیار کے ساتھ آگے بڑھیں تو پاکستان کی فرنیچر مارکیٹ کے لیے بیرون ملک بڑے مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں فرنیچر ایکسپو2026کے دوسرے دن نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کراچی کے جنرل سیکریٹری عامر رفیع، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنیچر نمائش صنعتکاروں، سرمایہ داروں اور خریداروں کے لیے نئی سرمایہ کاری کا ذریعہ بنے گی جس سے ملک کی ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا
منعم ظفرخان نےکہاہے کہ آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن اور نمائش کے منتظمین مبارکبادکے مستحق ہیں،فرنیچر مینوفیکچررز، ڈیزائنرز، آرکیٹکیٹس،امپورٹرز،ایکسپورٹرز،پروفیشنلزکو ایک چھت تلے جمع کرکے فرنیچر سیکٹرمیں مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرنا یقیناً قابل ستائش ہے،یہ محض ایک کاروبار یا صنعت نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے ہنر مند کاریگروں اور لاکھوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اگر ہم عالمی مارکیٹ کا جائزہ لیں تو اس وقت پوری دنیا میں فرنیچر مارکیٹ کا حجم کم وبیش 400بلین ڈالرزہے،لیکن پاکستان میں اس کا حصہ صرف 8سے12ملین ڈالرز تک ہے لیکن مایوسی کی بات نہیں کیونکہ پاکستان کی ایکسپورٹ کے 50فیصد امریکہ اور جرمنی جانے کی وجہ سے بے شمار مواقع موجود ہیں، اپنی مصنوعات کی کوالٹی کو عالمی معیار کے مطابق بنائے، جدید مشینری اورٹیکنالوجی سے استفادہ کرے، پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد65فیصد ہے جو پاکستان کا اثاثہ ہیں،ان نوجوانوں کو جدید ڈیزائن اور ہنر کی تربیت دینے کے بعد آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ کرنے کی ضرورت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت