اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار نے خطے میں امن کیلئے انتھک کوششیں کیں: وزیراعظم شہباز شریف

تازہ ترین
فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار نے خطے میں امن کیلئے انتھک کوششیں کیں: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں، ایران اور امریکا کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی کامیابی تھی، مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں دوبارہ امن کے قیام کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، ایران ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے، جبکہ امریکا اور خلیجی ممالک کے ساتھ بھی بہترین تعلقات ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا، جس سے اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوئی۔ ترکیہ کی شمولیت سے یہ شراکت داری خطے میں سلامتی، مفادات، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی۔ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں اور نہ ہی اس کے جارحانہ مقاصد ہیں۔

وزیراعظم کا اپنا گھر اسکیم کے ذریعے اگلے 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کا قرض دینے کا ہدف

شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈھائی سال میں ایف بی آر میں طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھایا گیا اور پہلی مرتبہ ادارے سے انتہائی کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا گیا، مالی سال 2025-26 میں اصلاحات کے نفاذ سے 900 ارب روپے وصول کیے گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جلد کم از کم 6 فیصد جی ڈی پی گروتھ حاصل کرنا ہوگی۔ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ممکنہ طور پر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، عزت و وقار کی زندگی گزارنے کے لیے مسلسل محنت، امانت اور دیانت ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 3 سال پہلے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب تھیں، لائیو اسٹاک زراعت کا بڑا حصہ اور پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل شعبہ ہے، زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، پیشہ ورانہ اور فنی تربیت نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر ملک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ مجبوراً کرنا پڑا، قوموں کی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، ہمیں اپنی تمام توانائیاں یکجا کر کے نوجوان نسل کو باصلاحیت بنانا ہے، نوجوانوں کے لیے تعلیم کا ہتھیار پہاڑوں میں مدفن وسائل سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ٹاسک فورس قائم کی ہے، معاشی ترقی کے ثمرات سے استفادہ کرنے کے لیے آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنا انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آبادی کے مسئلے پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد ہوگا، معاشی شعبے کی طرح آبادی کے مسئلے پر بھی مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سبسڈی قوم کے ٹیکس کا پیسہ ہے، یہ رقم کہیں باہر سے نہیں آتی، ٹیکس چوری کے معاملے میں معاشرے کے مختلف طبقات بھی ذمے دار ہیں، تنخواہ دار طبقہ اپنا ٹیکس ادا کرتا ہے، جبکہ صنعتوں اور زراعت کے شعبے میں بھی ایسے افراد موجود ہیں جو ایمانداری سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری سے ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو نوٹ چھاپنے یا قرض لینے پڑتے ہیں، خسارے کا شکار سرکاری اداروں کے نقصانات پورے کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ رمضان المبارک میں مستحق افراد کی معاونت کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا گیا اور مستحق خاندانوں کو گھر بیٹھے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مالی امداد فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں سے نجات کے لیے ہمیں مل کر مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، پاکستان مہنگے قرضوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، اتحاد اور اجتماعی دانش سے تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مشترکہ اور مربوط کوششوں سے ملکی معیشت کو عدم استحکام سے نکالا گیا، حکومت نے مشکل فیصلے کرتے ہوئے معاشی اصلاحات متعارف کرائیں، تاہم اس عمل میں سب سے زیادہ تکلیف عام آدمی نے برداشت کی، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ دوبارہ ماضی کی طرف نہیں دیکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر پی آئی اے کی نجکاری نہ ہوتی تو سالانہ 30 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی مکمل طور پر بند کردی گئی ہے اور غیر قانونی کان کنی کرنے والے کارٹلز کو بھی روک دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کان کنی، معدنیات کی پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات ہمارا مشن ہے، حکومت نے مستقبل کے لیے معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کا باقاعدہ منصوبہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائننگ کمپنیوں کو معاہدوں کے تحت مقررہ مدت میں اسمیلٹرز لگانے کا پابند ہونا ہوگا، جبکہ معدنیات کی ویلیو ایڈیشن پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام اہم معاملات پر قومی ہم آہنگی اور مکالمہ ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سالانہ اربوں ڈالر کی ایل این جی، ایل پی جی، خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور گیس درآمد کرنا پڑتی ہے، پاکستان توانائی کے شعبے میں خالص درآمد کنندہ ملک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے دن رات محنت کر کے توانائی کی مشکلات کم کرنے کے لیے میکنزم وضع کیا، بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتوں میں وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فیول سبسڈی کی مد میں 50 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، فیول سبسڈی کا نظام انتہائی اطمینان اور کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی اور اقتصادی اہداف انفرادی کوششوں سے حاصل نہیں کیے جاسکتے، قومی سطح پر ٹیم ورک اور شراکت داری کے ذریعے ہی اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھمبر میں پہلا دانش اسکول دسمبر میں مکمل ہو جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر میں دوسرا دانش اسکول باغ میں قائم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دانش اسکولوں میں ہونہار اور مستحق طلبا کو میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جارہے ہیں، دانش اسکول آزاد کشمیر کے تعلیمی منظرنامے کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ