40 سال سے الماری کے پیچھے رکھی پینٹنگ 49 لاکھ ڈالر میں فروخت

مین ہٹن کے ایک اپارٹمنٹ میں الماری کے پیچھے رکھی لکڑی کی ایک پیٹی میں معروف امریکی خاتون مصور جارجیا او کیفے کی ایک پینٹنگ تقریباً 40 سال تک چھپی رہی۔
1930 میں بنائی گئی اس پینٹنگ کو اب نیو یارک میں کرسٹیز نیلام گھر میں 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر میں فروخت کیا گیا ہے۔ طویل عرصے تک عوام کی نظروں سے اوجھل رہنے والا یہ فن پارہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔
نیئر ابیکیو، نیو میکسیکو ون نامی یہ پینٹنگ ان تمام دہائیوں کے دوران اپنی اصل گیلری کی پیکنگ میں محفوظ رہی۔ اس کی مالکن نے ایک وقت میں اسے اپنے گھر کی دیوار پر آویزاں کیا تھا، تاہم بعد ازاں حفاظت کی غرض سے اسے جان بوجھ کر محفوظ کرلیا تھا۔
کرسٹیز کی جانب سے پینٹنگ کی دوبارہ دریافت کی تفصیلات کے مطابق اس کی مالکن کی والدہ نے 15 اپریل 1963 کو مین ہٹن کی ڈاؤن ٹاؤن گیلری سے یہ پینٹنگ 3 ہزار 800 ڈالر میں خریدی تھی۔ یہ جارجیا او کیفے کی نمائندہ گیلری تھی۔ بعد ازاں جب ان کی بیٹی نے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تو والدہ نے یہ پینٹنگ اسے گریجویشن کے تحفے کے طور پر دے دی۔
پینٹنگ کی نئی مالکن نے اسے 1980 کی دہائی کے وسط تک اپنے ایسٹ ولیج اپارٹمنٹ کی دیوار پر آویزاں رکھا۔ ان کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا ایک مرتبہ تاش کے کھیل کے دوران ایک مہمان نے اس پینٹنگ میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی جس کے بعد وہ اس کی حفاظت کے حوالے سے فکرمند ہوگئیں۔
چنانچہ انہوں نے پینٹنگ کو دوبارہ اس کی اصل لکڑی کی پیٹی میں بند کیا اور اسے الماری کے پچھلے حصے میں رکھ دیا۔ انہیں معلوم تھا کہ یہ جارجیا او کیفے کا فن پارہ ہے۔ میڈیا کے مطابق پینٹنگ کی مالکن نے 2022 میں اپنی بھانجی سے گفتگو میں اسکا ذکر کیا۔ تاہم یہ فن پارہ 2026 تک وہیں محفوظ رہا۔
تیل کے رنگوں سے بنی نسبتاً چھوٹے سائز کی پینٹنگ کے پچھلے حصے پر مصورہ کے نام کے ابتدائی حروف OK درج تھے۔ پینٹنگ کی تصاویر ای میل کے ذریعے کرسٹیز کو بھیجی گئی، جہاں ماہرین نے اس کا جائزہ لیا۔ آرٹ کے محققین کے لیے اس پینٹنگ کا سراغ لگانا مشکل رہا تھا۔ یہ جارجیا او کیفے کے فن پاروں کی مستند فہرست کے ضمیمے میں شامل تھی۔
پینٹنگ میں امریکی ریاست نیو میکسیکو کا قدرتی منظر پیش کیا گیا ہے۔ 17 نومبر 2026 کو نیو یارک میں کرسٹیز کی 20ویں صدی کے فن پاروں کی نیلامی کے ریکارڈ کے مطابق اس کی حتمی قیمت 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر رہی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ