بلاول بھٹو سے ریفرنڈم پر بات نہیں ہوئی، طارق فضل چوہدری

طارق فضل چودھری(فائل فوٹو)۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سے ریفرنڈم پر بات نہیں ہوئی، بلاول نے پارلیمنٹ میں بطور اتحادی اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول نے کہا ہے وہ چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ ملاقات میں کشیدگی یا تلخی والا ماحول نہیں تھا۔ بلاول نے میثاق جمہوریت کا ذکر کیا، اسحق ڈار نے کہا میثاق جمہوریت کے ساتھ میثاق معیشت بھی ہونی چاہیے۔
ایک سوال پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ریفرنڈم عوام سے براہ راست رائے لینا کا نام ہے۔ تاحال حکومت نے ریفرنڈم کے حوالے سے کوئی تاریخ طے نہیں کی ہے۔ ریفرنڈم صوبے بنانے کےلیے آئین میں درج طریقہ کار کا متبادل نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے بارے میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت خود پر تنقید کو خندہ پیشانی سے سنے گی، ریاست اور اداروں کےخلاف بیانات نہیں دینے چاہیے تھے۔ مولانا کے ریاست مخالف بیانات نہ آتے تو بہتر ہوتا۔ مولانا فضل الرحمان کا شہدا سے متعلق بیان تکلیف دہ تھا۔
اسحاق ڈار سے ملاقات، بلاول نے فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کا معاملہ اٹھایا، پی پی
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق خواتین کو مولانا فضل الرحمان کے داماد کے گھر شفٹ کیا گیا ہے۔
طارق فضل نے خواتین سے آدھ گھنٹے میں گھر خالی کرنے کے عمل کو غیر مناسب قرار دیا اور کہا اس سے بہتر طریقہ اپنایا جاسکتا تھا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سی ڈی اے کے بائی لاز کے مطابق ایسے کسی شخص کو گھر الاٹ نہیں کیا جاسکتا جو پاکستان کا شہری نہ ہو، اس بنیاد پر گھر کا نوٹس دیا گیا، مکینوں کو بلایا گیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے اور سی ڈی اے نے الاٹمنٹ کینسل کرکے گھر سیل کر دیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ