ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

برطانیہ میں ریفریجریٹرز کو ہیکرز کے حملوں سے بچانے کیلئے خفیہ آپریشن

تازہ ترین
برطانیہ میں ریفریجریٹرز کو ہیکرز کے حملوں سے بچانے کیلئے خفیہ آپریشن

برطانوی حکام نے بروقت خفیہ آپریشن کر کے ہزاروں ریفریجریٹرز کو ہیکرز کے ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر سیکیورٹی ماہرین نے ریفریجریشن سسٹمز میں خامیوں کی نشاندہی کی ہے، جن کے ذریعے ہیکرز درجۂ حرارت میں رد و بدل کر کے سپر مارکیٹس، گوداموں اور ریستورانوں میں بڑی مقدار میں خوراک خراب کر سکتے تھے۔

برطانوی حکام اور سائبر سیکیورٹی ماہرین نے ممکنہ سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے ہزاروں تجارتی ریفریجریٹرز اور فریزرز کو محفوظ بنانے کی غرض سے یہ خفیہ آپریشن کیا۔

فرانس کی سیکڑوں سپر مارکیٹس پر سائبر حملہ

رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن ریفریجریشن سسٹمز کو کنٹرول کرنے والے نظاموں میں سیکیورٹی کی خامیاں سامنے آنے کے بعد شروع کیا گیا، جن کے باعث ہیکرز درجۂ حرارت میں رد و بدل کر کے بڑی مقدار میں خوراک خراب کر سکتے تھے۔

متاثر ہونے کے خدشے سے دو چار یہ آلات سپر مارکیٹس، گوداموں، ریستورانوں اور دیگر کاروباری اداروں میں استعمال کیے جا رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے اواخر میں اومیگا سلوشنز کے ایتھکل ہیکرز نے ان خامیوں کی نشاندہی کی، جبکہ سائبر سیکیورٹی کمپنی پین ٹیسٹ پارٹنرز نے خطرات کی تصدیق کرنے اور متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے میں معاونت کی۔

نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (این سی ایس سی)، محکمۂ ماحولیات، خوراک و دیہی امور اور فوڈ اسٹینڈرڈز ایجنسی نے مشترکہ طور پر درجنوں کمپنیوں کو خبردار کرنے اور کمزور سیکیورٹی والے نظاموں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے۔

اس دوران ہزاروں آلات کو انٹرنیٹ سے منقطع کر دیا گیا، جبکہ بعض آلات کو دور سے اور بعض کو دستی طور پر آف لائن کیا گیا۔

کچھ کاروباری اداروں نے انٹرنیٹ کیبلز بھی ہٹا دیں اور اپنے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ ریفریجریشن سسٹمز کے درجۂ حرارت کی دستی طور پر نگرانی کریں۔

ایک بڑی سپر مارکیٹ چین کے ملازم نے خبردار کیا کہ اگر سائبر حملہ کامیاب ہو جاتا تو کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو سکتی تھیں اور سپلائی چین میں سنگین مسائل پیدا ہو سکتے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ میں فرانس کی سیکڑوں سپر مارکیٹس اور فوڈ پروسیسنگ کے مراکز بھی سائبر حملوں سے متاثر ہوئے تھے، نومبر میں یورپ کے 7 ممالک میں کاروباری اداروں کو مزید سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ