پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

والدین کا بچوں کے ساتھ سخت رویہ کتنا نقصان دہ ہوسکتا ہے؟

تازہ ترین
والدین کا بچوں کے ساتھ سخت رویہ کتنا نقصان دہ ہوسکتا ہے؟

والدین کی جانب سے سخت سزا پر مبنی اور محبت سے خالی تربیت حاصل کرنے والے بچوں اور نوجوانوں میں قوانین کی خلاف ورزی اور جارحیت کو درست سمجھنے کا رجحان زیادہ پائے جانے کا امکان ہے، جبکہ بعد کی زندگی میں ان میں اضطراب اور ڈپریشن کی علامات بھی بڑھ سکتی ہیں۔

جرنل آف ریسرچ آن ایڈولیسنس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق والدین کا سخت اور غیر لچکدار رویہ نوجوانوں کی سوچ اور جذباتی صحت پر مختلف انداز میں اثر انداز ہوتا ہے۔

تحقیق میں والدین کے اس طرزِ تربیت کو آمرانہ تربیت قرار دیا گیا ہے، جس میں سخت قوانین، حد سے زیادہ کنٹرول، زبانی سختی اور بغیر وضاحت کے سزائیں دینا شامل ہے، جبکہ بچوں کو محبت اور شفقت بہت کم ملتی ہے۔

ماضی کی تحقیقات میں بھی والدین کے اس طرزِ عمل کو بچوں میں اضطراب اور ڈپریشن جیسے اندرونی جذباتی مسائل کے ساتھ ساتھ جارحیت اور قانون شکنی جیسے رویوں سے منسلک کیا گیا ہے۔

بچے کی تعلیم اور والدین کا کردار، تعلیم کی ابتدا گھر سے ہوتی ہے

تحقیق کے مطابق نوجوانوں میں غیر سماجی سوچ سے مراد ایسے عقائد، رویے اور اقدار ہیں جو قوانین توڑنے، اختیار کو چیلنج کرنے اور تنازعات کے دوران جارحیت کو درست قرار دیتے ہیں۔

سماجی رویوں سے متعلق نظریے کے مطابق یہ سوچ نوجوانوں کے دوسروں کے رویوں کو سمجھنے کے انداز پر اثر انداز ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں وہ دوسروں کے ارادوں کو مخالفانہ سمجھنے اور جارحانہ ردعمل دینے کی طرف مائل ہوسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بچپن کے آخری مراحل سے لڑکپن کے درمیانی عرصے تک غیر سماجی سوچ میں اضافہ ہوتا ہے، اس دوران نوجوانوں کے ذاتی عقائد زیادہ پختہ اور تبدیل کرنا مشکل ہوجاتے ہیں۔

تحقیق کے لیے سائراکیوز یونیورسٹی کے شعبہ انسانی نشوونما اور خاندانی علوم سے وابستہ محققین نے جذبات پر قابو پانے اور سماجی و ذہنی رویوں سے متعلق نظریات کی روشنی میں جائزہ لیا۔

محققین کے مطابق گھر کا سرد اور جارحانہ ماحول نوجوانوں میں مسلسل ذہنی دباؤ پیدا کرسکتا ہے، جس سے مشکل جذبات پر قابو پانے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، جبکہ دھمکیوں اور بغیر وضاحت کے سزاؤں سے نوجوان یہ سیکھ سکتے ہیں کہ اختیار کا استعمال من مانا ہوسکتا ہے اور دوسروں کو زبردستی قابو کرنا قابل قبول ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ