کراچی: گلشن حدید میں گھر کے باہر فائرنگ، پولیس انسپکٹر جاوید ابڑو شہید،اہلیہ زخمی

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں گھر کے باہر فائرنگ سے پولیس انسپکٹر جاوید ابڑو شہید اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس انسپکٹر جاوید ابڑو کے بھائی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو عدالت سے واپسی پر گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا جبکہ اے ایس آئی کے قتل میں ملوث ملزم جعفر عرف بوبی پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جاوید ابڑو بھائی کے قتل کے مقدمے کے مدعی تھے، جاوید ابڑو کو کافی عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔
انسپکٹر جاوید ابڑو کے بھتیجےجہانزیب نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاوید ابڑو گھر کے باہر باغیچے میں موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی چچا محمد خان ابڑو کو شہید کیا جا چکا ہے۔ آئی جی سندھ اور حکومت سندھ سے انصاف کی اپیل ہے۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، جاوید ابڑو کی شہادت کا واقعہ گھر کے باہر پیش آیا۔ جاوید ابڑو اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر کے باہر چائے پی رہے تھے، دو افراد میں سے ایک نے فائرنگ کی تھی جس کا حلیہ اہلیہ نے بتا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی فی الحال واقعے کی نوعیت سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے، پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں تفتیش کر رہی ہیں، جان سے مارنے کی دھمکیوں سے متعلق انھوں نے کچھ نہیں بتایا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ