امریکا کا دورہ کرنے والے پاکستان کے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک کے اعزاز میں ممتاز پاکستانی امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔
عشائیہ میں ڈیموکریٹک اراکین کانگریس بشمول پاکستان امریکن کاکس کی چیئرمین شیلا جیکسن لی اور کانگریس کے رکن ایل گرین سمیت پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چودھری، امریکی ججز اور اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی اور ایل گرین کی طرف سے مہمان پاکستانی وزیر کو امریکی کانگریس کی تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پاک امریکا تعلقات کے استحکام کےلیے ہم خیال اراکین کانگریس اور پاکستانی امریکی رہنماؤں خصوصاً طاہر جاوید کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مثالی تعلقات کےلیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے عوامی کاروباری اور ثقافتی حلقوں کے درمیان براہ راست مربوط تعلقات کو فروغ دیا جائے۔
عشائیہ کے میزبان طاہر جاوید نے اس موقع پر وفاقی وزیر اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متعدد وجوہات کی وجہ سے پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات ناگزیر ہیں جس کےلیے مزید پیش رفت کی ضرورت ہے۔
Comments are closed.