ہفتہ 15؍شوال المکرم 1444ھ6؍مئی 2023ء

آڈیو لیکس نے تمام کرداروں کو بے نقاب کردیا، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنٹ کے طور پر کام کرتے رہے، آڈیو لیکس نے اب تمام کرداروں کو بے نقاب کردیا۔

لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی سمیت سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ 

نواز شریف سے ملنے کےلیے وزیراعظم شہباز شریف میٹ پولیس کے مکمل پروٹوکول میں حسن نواز کے دفتر پہنچے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمان کے استحقاق اور آئینی اختیارکا ہرصورت تحفظ کریں گے، پارلیمنٹ اپنے دائرے میں رہ کر اپنا حق منوائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار نے نواز شریف کو نااہل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، ثاقب نثار نے جھوٹے اور بےبنیاد الزامات پر نواز شریف کو نااہل کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار دن رات سوموٹو کا اختیار استعمال کرتے رہے، ثاقب نثار نے عوامی مفاد کے کسی کیس پر سوموٹو نہیں لیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ثاقب نثار کا ایک ہی مقصد تھا نواز شریف کو ہرانا اور عمران خان کو کامیاب کرنا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ثاقب نثار پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنٹ کے طور پر کام کرتے رہے، آڈیو لیکس نے اب تمام کرداروں کو بے نقاب کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک سامنے آئی ہے، کیا اب کوئی شک رہ جاتا ہے کہ سازش ہے کہ کسی طریقے سے دوبارہ عمران خان کو لایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو کا معاملہ پارلیمنٹ نے اٹھایا ہے، ثاقب نثار کے بیٹے کو پارلیمان کی کمیٹی نے طلب کرلیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن ایک دن ہوں گے اور ایک دن ہی ہونے چاہیئں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب سے متعلق ماضی میں جو غلط تاثر قائم کیا جارہا تھا زائل ہوگیا ہے، پنجاب بڑا بھائی نہیں بلکہ ملک کے تمام صوبے برابر ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب صرف پنجاب میں الیکشن کروا کر پاکستان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل شہباز شریف نے تاجپوشی کی تقریب میں بادشاہ چارلس سوم سے ملاقات بھی کی۔

شہباز شریف گزشتہ روز دولت مشترکہ کے سربراہوں کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

شہباز شریف گزشتہ روز بادشاہ چارلس کے عشائیہ میں بھی شریک ہوئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.