جمعرات 6؍شوال المکرم 1444ھ27؍اپریل 2023ء

کراچی میں آج شام ہلکی، کل تیز بارش کی پیشگوئی

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک پر اثر انداز ہے، جس کے تحت کراچی میں آج شام یا رات ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں سسٹم 28 اپریل سے 4 یا 5 مئی تک متحرک رہ سکتا ہے، شہر کے بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ کراچی کے کچھ مقامات پر 2 سے 3 موسلا دھار بارش کے اسپیل بھی آ سکتے ہیں، کراچی میں 30 سے 50 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔

وزیر ماحولیات سندھ اسماعیل راہو نے ماہی گیروں کیلئے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 مئی تک ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گرج چمک کے بادل مضبوط بنے تو آندھی اور ژالہ باری کا بھی امکان رہے گا، تاہم کراچی میں کسی شدید موسمی صورتِ حال کا امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے جنوبی بلوچستان میں داخل ہو گا، جس کے باعث کراچی میں آج موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں شام یا رات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ جمعے اور ہفتے کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج سے یکم مئی کے دوران کراچی میں وقفے وقفے سے کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہید بے نظیر آباد، سانگھڑ، مٹیاری ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰ یار، حیدر آباد، میر پور خاص، سجاول، دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، کشمور اور سکھر میں کل سے یکم مئی تک بارش کا امکان ہے۔

اس دوران گھوٹکی، خیر پور، نوشہروفیروز میں اس دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بارش کے باعث سانگھڑ، مٹیاری اور بدین کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.