کراچی اس وقت گہرے بادلوں کے نرغے میں ہے، آثار بتا رہے ہیں کہ آج بھی یہاں بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز وقفے وقفے سے کئی مرتبہ شہرِ قائد پر ابرِ کرم برسا تاہم آج سوائے چند علاقوں کے شہر کی اکثر سڑکوں پر پانی نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، شہر میں مطلع ابر آلود ہے اور ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔
گزشتہ روز کی بارش سے موسم خوش گوار اور رات میں ہلکا خنک بھی ہو گیا۔
کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر پانی کھڑے ہونے کی اطلاع نہیں ہے، نہ ہی اس کی وجہ سے شہر میں کہیں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، تاہم قیوم آباد سے کالا پل آنے والی سڑک پر تھوڑا سا پانی جمع ہے۔
شہرِ قائد کے مکین بارشوں کے آغاز سے خوش تو ہیں تاہم گزشتہ سال سڑکوں پر نکاسی آب نہ ہونےکی صورتِ حال، بارش کے پانی میں پھنسنے، کرنٹ لگنے اور ڈوبنے سے ہلاکتیں اور بارشوں کے بعد بجلی کی طویل بندش کو بالکل بھی نہیں بھولے ہیں۔
کراچی کے شہری اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت بارش کے تو متمنی ہیں مگر اس کے ساتھ ہی شہر میں پانی کی نکاسی اور بجلی کی فراہمی کے اداروں کی کوتاہی اور لاپروائی کے باعث ہونے والی زحمت سے بچنے کے لیے دعا گو بھی ہیں اور سب کے لبوں پر یہی دعا ہے کہ یہ بارشیں اہلِ کراچی کے لیے بارانِ رحمت ہی ثابت ہوں۔
Comments are closed.