جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی سے غیر ملکیوں کی ملاقات کے دعویٰ پر جیل حکام کی وضاحت

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے یورپی یونین اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نمائندگان کی ملاقاتوں کے دعویٰ پر جیل حکام کا مؤقف سامنے آگیا۔

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کا بیان بے بُنیاد اور حقائق کے منافی ہے، اڈیالہ جیل میں چئیرمین پی ٹی آئی سے ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میرے ساتھ والے سیل میں ہیں، آئی ایم ایف اور یورپی یونین کے لوگ چیئیرمین پی ٹی آئی سے ملنے آتے ہیں۔

جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ایسی کسی ملاقات کا کوئی سوال نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی اور پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل میں الگ الگ جگہ رکھا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی سے پرویز الہٰی کی بھی اڈیالہ جیل میں کوئی ملاقات ہوئی نہ رابطہ ہوا۔

ترجمان جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی فیملی اور وکلاء  کے سوا کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، فیملی اور وکلاء سے ملاقاتوں کا باقاعدہ ریکارڈ بنایا جاتا ہے، اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی کیلئے 300 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے  انسپکٹر جنرل (آئی جی) آفس میں نگرانی بھی کی جاتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.