جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے سے پہلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں گزشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے 6 ڈاکوؤں کی گلی سے پیدل گزرنے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔

 دوسری جانب پولیس نے مارے گئے ڈاکوؤں کے خلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ، مقدمے میں پولیس مقابلے اور دہشت گردی سمیت 11 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کالج بلاک میں ڈاکٹر عباد کے گھرگزشتہ روز دن دیہاڑے 6 ڈاکو مبینہ مقابلے میں مارے گئے تھے، ملزمان کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آ گئی۔

 ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 6 افراد وقفے وقفے کے ساتھ 2 ، 2  کی صورت میں پیدل ڈاکٹر عباد کی رہائش گاہ کی طرف آتے ہیں، ان میں سے کچھ نے رنگ کرنے والے برش اور پینٹ والی بالٹی بھی پکڑی ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملازم نےگیٹ کھولا تو ڈاکو یہ کہتے ہوئے اندر داخل ہوگئے کہ وہ رنگ ساز ہیں، ڈاکوؤں نے گھر والوں کو یرغمال بناکر لوٹ مار شروع کر دی۔

تھانا اقبال ٹاؤن پولیس نے ایس ایچ او جاوید حسین کی مدعیت میں ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ پولیس مقابلے اور دہشت گردی سمیت 11دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق اقبال ٹاؤن 115کالج بلاک سے ون فائیو پر کال آئی، جس میں بتایا گیا کہ 6 ڈاکوؤں نے ڈاکٹر عباد کے گھر میں داخل ہو کر اہلِ خانہ کو یرغمال بنا لیا ہے، ایس ایچ او نفری کے ہمراہ پہنچے تو ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں تمام 6 ڈاکو مارے گئے، ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ ،گولیاں اور دیگر سامان برآمد ہوا، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب 40 منٹ تک جاری رہنے والے اس مبینہ مقابلے میں کسی گولی کا کسی دیوار پر نشان نہ ہونے اور کسی کھڑکی کے شیشہ تک نہ ٹوٹنے جیسے سوالات اب بھی تشنہ لَب ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.