بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عوام سے کہتا ہوں آپ گھبراؤ اور اس کو بھگاؤ، شہباز شریف

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو کہتا ہے گھبراؤ نہیں، میں کہتا ہوں آپ گھبراؤ اور اس کو بھگاؤ۔

سوات میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنی مہنگائی کبھی نہیں ہوئی، جتنی عمران خان کے دور حکومت میں ہوئی ہے، میں تو عوام سے کہتا ہوں گھبراؤ اور اسے بھگاؤ۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے اہل سوات کو سلام دیتا ہوں، ہمیں موقع ملا تو خیبر پختون خوا کو اپنے دور کے پنجاب سے آگے لے کر جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 2013ء کے بعد نواز شریف کی قیادت میں ہم نے دن رات محنت کی اور 24 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان ہی دنوں عمران خان کہتے تھے جو الفاظ آج بھی میرے کانوں میں گونجتے ہیں کہ کے پی میں ساڑھے 3 سو منی ڈیم بنا کر صوبے کو ہی نہیں ملک بھر کو سستی بجلی فراہم کروں گا، میں پوچھتا ہوں کہ اس منصوبے کا کیا ہوا؟

انہوں نے کہا کہ یہی وہ شخص ہے جو کہتا تھا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کردوں گا، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت گرے تو وزیراعظم کو چور کہتا تھا، پوچھتا ہوں 3 سال میں کیا ہوا؟

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے کہا تھا کہ وہ 50 لاکھ گھر اور 1 کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن انہوں نے اب تک ایک اینٹ بھی نہیں لگائی بلکہ لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کردیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں کشمیر، فلسطین، مہنگائی اور جوہر طاقت سمیت دیگر معاملات پر اہم اجلاس ہوتے ہیں لیکن عمران خان نیازی کی سیٹ خالی ہوتی ہے، جس طرح آج کل غریب کی جیب خالی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ پاکستانی معیشت تباہ ہوگئی، آج مہنگائی آسمان تک پہنچ چکی، ملکی تاریخ ایسا کبھی نہیں ہوا، کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوات کے لوگو آپ تو بڑے روایات اور احترام پسند لوگ ہیں، آپ بڑی عزت سے گفتگو کرتے ہیں لیکن عمران نیازی کو آگے لائے، جس نے روایات کو پامال کردیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.