بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کے سامنے پرویز الہٰی کی کارکردگی پر سوال اٹھ گیا، ذرائع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا۔

اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 176 میں سے 150 ارکان پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ 26 ارکان غیر حاضر رہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے پرویز الہٰی کی کارکردگی پر سوال اٹھایا اور الزام لگایا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ کے صاحبزادے مونس الہٰی چلا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے روبرو پی ٹی آئی اراکین نے شکوہ کیا کہ پرویز الہٰی کی وزارت اعلیٰ میں صرف ق لیگی ایم پی ایز کے کام ہو رہے ہیں جبکہ ہمیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے پارٹی چیئرمین کے سامنے کہا کہ پرویز الہٰی مرضی کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کر رہے ہیں، ہمیں آن بورڈ نہیں لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس پر عمران خان نے کہا کہ میں نے میاں اسلم کو سینئر صوبائی وزیر بنا دیا ہے، آپ سب اپنے تحفظات انہیں بتادیں وہ ٹھیک کردیں گے۔

پی ٹی آئی ارکان نے دوران اجلاس کہا کہ پنجاب کا حال عثمان بزدار کے دور حکومت سے بھی بدتر ہوتا جارہا ہے، یہی حال رہا تو پارٹی کو جنرل الیکشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.