پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک کر آگئے ہیں، عمران خان کی ایسی ڈھٹائی ہے کہ اب بھی ووٹ مانگنے کشمیر آرہا ہے۔
کوٹلی کچہری گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وعدہ کریں شہداء کی قربانیوں کو عمران خان کے ہاتھوں ضائع نہیں ہونے دیں گے، جہاں گئی ایک ہی نعرہ سننے کو ملا گو عمران گو، عمران خان کے اس دھرتی پر قدم رکھنے سے پہلے ہی عوام کہہ رہےہیں گو عمران گو۔
مریم نواز نے کہا کہ کشمیر بھارت کی جھولی میں پھینکنے کے بعد کہتا ہے میں کیا کروں، جب کمزوری تمہاری، بزدلی تمہاری تو عوام سوگ کیوں منائیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 70 سالوں میں بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر تسلط کی ہمت نہیں تھی، میری اطلاع کے مطابق مقبوضہ کشمیر عمران خان کی اجازت سے بھارت کے پاس گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ دیا، مجرم تم ہو، ان کے وزراء آج کس منہ سے آزاد کشمیر میں کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کل بھی نواز شریف کا تھا اور آج بھی نواز شریف کا ہے، عمران خان کشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہے، ہر جگہ ایک ہی نعرہ سنا بچہ بچہ کٹ مرے گا، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 22 کروڑ عوام کا سکون تباہ کرکے بیٹھا ہے، جب صبح اٹھتے ہیں تو چینی، آٹا، گھی، پیٹرول، بجلی اور گیس مہنگی ہونے کا سنتےہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آنے کی تیاری کرنے والے نے عوام کو رمضان میں ایک کلو چینی کے لئے لائنوں میں کھڑا کیا، کیا آپ بھی چینی کے لئے لائن میں لگنا چاہتے ہیں، 2 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔
Comments are closed.