جڑی بوٹی میں شمار کی جانے والی سونف کے استعمال سے انسانی مجموعی صحت سمیت خوبصورتی پر بھی بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں جبکہ اس کا استعمال اگر دودھ میں پکا کر کیا جائے تو اس کی افادیت اور دودھ کی غذائیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
سونف تقریباً ہر گھر میں موجود ہوتی ہے مگر اس کا صحیح استعمال کرنا بہت کم لوگ جانتے ہیں، سونف کو کھانوں سمیت چائے یا قہوے میں استعمال کیا جاتا ہے، دونوں طرح سے ہی اس کا استعمال سانسوں کو تازہ دم اور ہاضمے کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے مگر اس کا دودھ کے ساتھ استعمال کرنے کے نتیجے میں صحت پر بے شمار مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، سونف والا دودھ میٹا بالزم کا نظام بہتر اور جسم سے مضر صحت مواد کا اخراج ممکن بنا کر مجموعی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں با آسانی دستیاب سونف کا دودھ کے ساتھ استعمال کرنے سے جہاں صحت پر بے شمار مثبت اثرات آتے ہیں وہیں اِن کے استعمال سے خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ سونف اور دودھ کا استعمال معدے اور جگر کی گرمی اور تیزابیت کم کرتا ہے، جلد صاف شفاف، ایکنی، کیل، مہاسوں سے پاک بناتا ہے اور رنگت بھی نکھارتا ہے، دودھ اور سونف میں وافر مقدار میں قدرتی اجزا ہونے کے سبب اِن کے استعمال سے صحت پر کسی بھی قسم کا کوئی منفی اثر نہیں پڑتا ۔
دودھ اور سونف کا استعمال کرنے کے نتیجے میں صحت پر آنے والے مثبت اثرات میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں:
دودھ میں بھرپور غذائی اجزاء جیسے کہ معدنیات، روغن اور وٹامنز پائے جاتے ہیں، اس لیے دودھ کو مکمل غذا بھی کہا جاتا ہے، دودھ کے ایک گلاس میں اگر ایک چمچ سونف ڈال کر روزانہ کی بنیاد پر استعمال کر لیا جائے تو اس کی افادیت بڑھ جاتی ہے اور کئی طرح کی بیماریوں سے نجات بھی حاصل ہوتی ہے۔
سونف والے دودھ میں آئرن، پوٹاشیم، کیلشیم ، میگنیشیم اور فاسفورس بڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کے پینے سے کیلشیم کی کمی تیزی سے دور ہوتی ہے، ہڈیاں مضبوط، ہر وقت کی تھکان اور سستی دور، اعصابی اور پٹھوں کی کمزوری کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق دودھ اور سونف کااستعمال دماغی سرگرمیوں کو بہتر بناتا ہے، اس کا استعمال اسکول، کالج اور یونیورسٹی جانے والے طلبہ کے لیے نہایت مفید ہے، اس دودھ کے استعمال سے بچوں میں دماغی کمزوری کا خاتمہ اور یادداشت میں اضافہ ہوتا ہے، آنکھوں کی بینائی صاف رہتی ہے۔
دودھ میں سونف پکا کر چھوٹے بچوں کو پلانے کے نتیجے میں پیٹ میں درد اور گیس کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔
سونف والا دودھ خوبصورتی میں اضافے کا بھی سبب بنتا ہے، اس کے استعمال سے جلد تروتازہ اور جوان رہتی ہے، رنگت میں نکھار اور قدرتی لالگی آتی ہے۔
دودھ اور سونف دونوں ہی میں اینٹی آکسیڈینٹس اور اینٹی ایجنگ خصوصیات پائے جانے کے سبب جسم میں مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق سونف والا دودھ پینے کے نتیجے میں جگر کے ورم میں کمی آتی ہے، گرمی اور لو سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے، یہ گردوں کے انفیکشن کا بہترین علاج بھی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دن میں ایک گلاس سونف والے دودھ کا استعمال کر لیا جائے تو ذہنی تناؤ میں کمی آتی ہے، بلڈ پریشر اور شوگر بھی متوازن رہتا ہے، پرسکون نیند میں اضافہ ہوتا ہے اور بے خوابی کا خاتمہ ہوتا ہے۔
Comments are closed.