وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پہلے لانگ مارچ کا حشر آپ نے دیکھ لیا ہے، رانا ثناء اللّٰہ لانگ مارچ میں رکاوٹ ہے، یہ اس کو گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے جرات اور بہادری کے ساتھ ظلم کا مقابلہ کیا، ہمیں پنجاب حکومت کا کوئی خوف نہیں، گرفتار کرنا ہے کر لیں، عوام کو اس کا اصلی چہرہ دکھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر چیز سامنے لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آہستہ آہستہ عمران خان کو منہ چھپانے کے لیے جگہ نہیں ملے گی، اس کے سارے کے سارے بیانیے زمین بوس ہوگئے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ترلے منتیں کر کے صدر کو آرمی چیف کے پاس بھیجا، سب سمجھ رہے ہیں مارچ اپریل تک کیوں انہوں نے آفر کی ہے، دہشت گردی کے خلاف افواج نے جنگ لڑی ہے اس وقت بھی شہادتیں ہو رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آج بھی دفاع کی لڑائی فوج لڑ رہی ہے وہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، شہباز شریف نے پہلے بھی اسمبلی میں کہا تھا کہ کم از کم معیشت پر ایک بیانیہ بنالیں، ادارے کے نیوٹرل رہنے سے اس شخص کو کتنی تکلیف ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف بالکل واپس آئیں گے یہ ان کا وطن ہے، نواز شریف اس وقت واپس آئے تھے جب ان کو پتہ تھا کہ گرفتار ہونا ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ کے پی کے میں احتساب بند کر دیا گیا ہے، 2012 میں کہا تھا کہ یہ ڈبل شاہ ہے، اعظم خان کہتے ہیں کہ سائفر ہم میٹنگ منٹس سے نیا بنا دیں گے، عمران خان اب کہتے ہیں کہ پتہ نہیں سائفر کہاں گیا، اب عمران خان کہہ رہا ہے کہ امریکا کا نام نہ لو، جعلسازوں کے طرح جلسوں میں خط لہراتا ہے۔
Comments are closed.