پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ رات سے ہی ہمیں پتا چل گیا تھا کہ آصف زرداری کوئی گیم چلا رہا ہے، ہمیں پتا تھا کہ اس نے کوئی گیم کرنا ہے۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری تیس سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، سندھ کے پیسوں سے یہ تمام خرید و فروخت ہو رہی تھی، ہم نے پہلے سندھ ہاؤس میں اور آج بھی تماشہ دیکھا، سندھ ہاؤس میں بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کی بولیاں لگیں۔
عمران خان نے کہا کہ مہذب معاشرہ ہوتا تو اس خرید وفروخت پر ایکشن لیا جاتا، حکومت ختم ہونے کے بعد میں عوام میں گیا، پرامن احتجاج کیا، ہمارے پرامن احتجاج پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی ،پولیس گھروں پر گئی، ہمارے احتجاج میں بچے، نوجوان اور خواتین کی بڑی تعداد نکلی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں جس طرح عوام نکلے پہلے کبھی نہیں نکلے، عوام کے نکلنے کی وجہ امریکی غلامی سے انکار تھا، انھوں نے آکر ملک ٹھیک نہیں کیا، معیشت تباہ کردی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ حیرت میں ہوں پنجاب اسمبلی میں آج انہوں نے کیا کیا ہے؟ آرٹیکل 63 اے میں لکھا ہے کہ پارٹی کا پارلیمانی سربراہ فیصلہ کرتا ہے کدھر ووٹ کرنا ہے، میں نے جو خط لکھا وہ رد ہوگیا تھا، پھر پارلیمانی لیڈر نے خط لکھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شجاعت کا تو خط ہی موثر نہیں، فیصلہ پارلیمانی لیڈر کا ہوتا ہے، ق لیگ کے پارلیمانی ہیڈ چوہدری شجاعت نہیں، وہ پارٹی ہیڈ ہیں جو ہوا اس سے معاشی بحران مزید بڑھے گا، میں نے بھی جو خط لکھا تھا وہ رد ہوا پھر پارلیمانی لیڈر نے خط لکھا۔
عمران خان نے کہا کہ آج پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس پر حیران ہوں، جمہوریت کی ایک بنیاد اخلاقیات ہوتی ہے، پارلیمنٹ کے پاس فوج نہیں اخلاقی طاقت ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج پنجاب میں جو کچھ ہوا وہ جمہوریت نہیں ہے، عوام احتجاج کریں، قانون ہاتھ میں نہ لیں، پر امن رہیں، آج قوم کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، آپ نے بتانا ہے ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، سب اپنا احتجاج رجسٹرڈ کریں تاکہ ان کو پتا چلیں ہم بھیڑ بکریاں نہیں، انھوں نے عوامی مینڈیٹ کو ذبح کیا، اب ساری نظریں عدلیہ کی طرف ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے چور جیل جائیں اور بڑے ڈاکو پکڑے نہ جائیں ایسے ہم بڑی قوم نہیں بن سکتے، انھوں نے پہلے باہر کی سازش کے ساتھ چوری کا پیسا چلا کر حکومت گرائی، ہم بار بار ان سے ڈیل کریں گے یہ کبھی ملک کو آگے نہیں جانے دیں گے،جیسے جیسے روپے گرتا جائے گا ان کی دولت میں اضافہ ہوتا جائے گا، ان کی دولت تو باہر ڈالر میں پڑی ہوئی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کو چوری کے پیسے سے اپنا مینڈیٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
Comments are closed.