بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایپل کمپنی کا ہارڈویئر پروڈکٹس کیلئے سبسکرپشن ماڈل نافذ کرنے کا ارادہ

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئی فون سمیت مستقبل کے اپنے ہارڈویئر پروڈکٹس کے لیے سبسکرپشن ماڈل نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یعنی اگر سبسکرپشن ماڈل کا اطلاق ہوتا ہے تو صارفین ایپل کی مصنوعات کے مالک نہیں ہوں گے، لیکن وہ ایپل کی مصنوعات کو استعمال کرنے کے لیے ماہانہ فیس ادا کریں گے، یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے کوئی شخص کرایہ ادا کرتا ہے۔

امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق سبسکرپشن سروس مبینہ طور پر اگلے سال تک شروع ہو سکتی ہے اور اسے ایپل کیئر اور ایپل ون کے پلانز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ صارفین کو اپنے ایپل آئی ڈی یا ایپ اسٹور اکاؤنٹ کے ساتھ ہارڈ ویئر کو سبسکرائب کرنے کی اجازت دے گا مگر یہ ادائیگی کسی بھی پروڈکٹ کی قسط نہیں ہو گی بلکہ اسے استعمال کرنے کی ماہانہ فیس ہوگی۔

اس فیس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ کوئی صارف کس ڈیوائس کا انتخاب کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پروگرام کے سبسکرائبرز کے پاس یہ اختیار بھی ہو سکتا ہے کہ وہ نئی پروڈکٹ ریلیز ہونے پر اپنے آلات کو تازہ ترین ماڈل کے ساتھ تبدیل کر لیں۔

تاریخی طور پر ایپل ہر سال اپنی مصنوعات کے نئے ماڈل جاری کرتا ہے۔

اس حوالے سے بلومبرگ کی جانب سے جب ایپل سے رابطہ کیا تو انہوں نے فوری طور پر اس موضوع پر جواب دینے سے گریز کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.