بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اپوزیشن الیکٹرونک ریفارم سے بھاگ رہی ہے، فرخ حبیب

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ لوگ الیکٹرونک ریفارم سے بھاگ رہے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل گیا تو ان کی حکومت نہیں آئے گی۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران دنیا کی معیشت بینک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گئی، بھارت اور برطانیہ سمیت کئی ممالک کی معاشی گروتھ منفی ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے تنقید کے باوجود اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم اپنی فیکٹری، زراعت اور کاروبار کو بند نہیں کرسکتے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پاکستان سے متعلق دنیا کے بڑے مالیاتی ادارے کی رپورٹ پیش کردی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہمارے دور میں کورونا کی وباء کے باوجود ایکسپورٹ 25 اعشاریہ 3 بلین ڈالر ہے، ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں کے دور میں ایکسپورٹ 24 بلین ارب ڈالر تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے آخری 3 سال میں ترسیلاتِ زر میں اضافہ نہیں ہوا، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلم لیگ نون دور میں پیسہ نہیں بھیجا۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پتہ تھا کہ یہ لوگ پیسہ منی لانڈرنگ کرتے ہیں، اوورسیز کو پتہ ہے کہ آج کا وزیرِ اعظم منی لانڈرنگ نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بیرونِ ملک کے دورے لاکھوں ڈالر میں کرتے تھے، سروسز پلس گڈز ایکسپورٹ ہماری 60 ارب ڈالر تک چلی گئی ہیں۔

وزیرمملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ادھار اور مانگے تانگے کا قرض لےکرپچھلی حکومتیں ترقی دکھا رہی تھیں، کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت اوپر گئی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ 60 ارب ڈالر میں قرض کا ایک قطرہ شامل نہیں، نون لیگ نے آئی ٹی ایکسپورٹ میں 500 ملین ڈالر کا اضافہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آئی ٹی ایکسپورٹ میں 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا، پہلی بار ملک سے پیسہ باہر نہیں جا رہا، بلکہ ڈالر آ رہے ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے دور میں جو قرض کا پیسہ آتا تھا وہ بھی چوری کر کے باہر لے جاتے تھے، ہم ملک میں ریکارڈ ڈالر لے کر آئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.