وزیر اعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کیلیے عالمی برادری سے ’ڈو مور‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر ممالک وعدے وفا کریں، ترقی پذیر ملکوں کو امداد دیں۔
اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے پولیٹیکل فورم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امیر ملکوں نے معیشت متحرک کرنے کیلیے 17 ٹریلین ڈالر خرچ کیے، ترقی پذیر ملکوں کیلیے رعایتیں اور مالی گرانٹ دینے کے وعدے پورے کیے جانے چاہئیں، ترقی پذیر ملکوں کو بحران سے نکلنے اور پائیدار ترقی کیلیے کم از کم 4.3 ٹریلین ڈالر درکار ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا متاثرہ ترقی پذیر ملکوں کیلیے قرضوں کی از سر نو اسٹرکچرنگ بھی اہم پہلو ہے، توقع ہے ترقی پذیر ملکوں کیلیے کم از کم 150 ارب ڈالر رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غریب ملکوں کیلیے اضافی ذخائر درکار مالیاتی ریلیف سے بہت کم ہیں، آئی ایم ایف اسپیشل ڈرائنگ رائٹس کا قیام عمل میں لانے کی تجویز دے چکے ہیں، بدقسمتی سے ان ممالک کی رسائی مطلوب ہدف کے صرف 5 فیصد تک ممکن ہوسکی۔
عمران خان نے کہا کہ سہ جہتی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے ترقی پذیر ملکوں کی مناسب مالی امداد کو متحرک کرنا ہوگا، پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلیے سرمایہ کاری کی رفتار تیز کرنا ہوگی۔
Comments are closed.