بدھ 24؍ربیع الاول 1445ھ11؍اکتوبر 2023ء

امریکی سفیر کا دورہ سندھ: غریب ترین علاقوں کی تعمیر نو، بحالی میں معاونت کا جائزہ

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 10 سے 11 اکتوبر سندھ کا چوتھا دورہ کیا اور امریکا کی طرف سے پاکستان میں بدترین تباہی کا شکار غریب ترین علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی میں معاونت کا جائزہ لیا۔

امریکا کی جانب سے تعلیم، پانی اور حفظان صحت کے شعبوں میں خاص طور پر اعانت فراہم کی جا رہی ہے۔

اپنے دورہ سندھ کے دوران سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت 100ویں اسکول کا افتتاح کیا، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی مالی اعانت سے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے اِن 106 جدید اور ماحول دوست اسکولوں کی عمارتوں میں 2024 تک 80 ہزار طلبہ تعلیم حاصل کریں گے۔

جدید سہولتوں سے آراستہ مذکورہ عمارتوں میں سائنس اور کمپیوٹر کی لیبارٹریز، لائبریری اور جدید فرنیچر کی سہولت بھی موجود ہے جبکہ یہ سیلاب سے تحفظ کی پناہ گاہوں کے طور پر بھی کام آتے ہیں اور والدین اور کمیونٹی کے باہمی روابط ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہیں۔

امریکی امداد سے جیکب آباد کے رہائشیوں کیلئے پینے کے صاف پانی تک آسان رسائی بھی ممکن ہوئی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا پاک امریکا گرین الائنس فریم ورک کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔

سندھ کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے ساتھ 3 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کے معاہدہ کے تحت جیکب آباد کے تین لاکھ شہریوں کیلئے پانی، نکاسی اور صفائی ستھرائی کی خدمات میں بہتری آئی ہے۔

اس منصوبہ میں شہر میں کچرا جمع کرنے، صاف پانی کے فلٹر فعال کرنے اور پانی کی ترسیل اور نکاسی آب کے شعبوں میں بہتری لانا شامل ہے۔

جیکب آباد کے دورہ کے موقع پر سفیر بلوم نے سال 2020 میں پایہ تکمیل تک پہنچنے والے میونسپل سروسز پروگرام کے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ بھی کیا، اس منصوبہ پر 2 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی تھی اور اس کیلئے یو ایس ایڈ نے اعانت فراہم کی تھی۔

امریکی سفیر نے خیرپور میں بنیادی صحت سہولت مرکز کا بھی دورہ کیا، جو پاکستان میں شدید غذائی کمی کے تدارک کے سلسلہ میں ہنگامی ردعمل اور سندھ بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں طبی مسائل کے حل میں صف اول کے مراکز میں سے ایک ہے۔

یو ایس ایڈ کی اعانت سے یہ بنیادی مرکز صحت پانچ سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ یا دودھ پلانے والی ماؤں کو پرہیزی کھانے، غذائی ضروریات کے متعلق مشورہ، تشخیص اور علاج کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔

سکھر میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کے دفتر میں سفیر بلوم نے کمیونٹی مڈ وائیوز کے جانفشانی سے ادا کیے جانے والے کردار کی تعریف کی۔

ماؤں کی صحت کی ہنگامی ضروریات کی تکمیل کے مقصد سے سفیر بلوم نے امریکا کی جانب سے عطیہ کیا جانے والا سامان اور کٹس حوالے کیں جو کہ سندھ میں خواتیں کو گھروں کے قریب بروقت اعلیٰ معیار کی طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 100 برتھ اسٹیشن کے قیام میں استعمال کی جائیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.