بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسٹریٹ کرمنلز اور گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے اب نہیں بچ پائیں گے

اسٹریٹ کرمنلز کی ای ٹیگنگ کے لیے قانون سازی کے بعد اسٹریٹ کرمنلز، گاڑیاں لفٹرز، چھیننے والے اور گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے اب نہیں بچ پائیں گے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بینک ڈکیتیوں اور کیش چھیننے کے واقعات میں ملوث ملزمان بھی راڈار میں رہیں گے، ای ٹیگنگ والے ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے ڈی آئی جی سی آئی اے فوکل پرسن ہوں گے۔

کرمنلز کی ای ٹیگنگ کے لیے قانون سازی کے معاملے پر  تجویز دی گئی کہ ایسے ملزمان کی مانیٹرنگ کا کنٹرول روم بھی سی آئی اے کے ماتحت ہوگا، ای ٹیگنگ تھرڈ پارٹی کے ذریعے عمل میں لائی جائےگی، خلاف ورزی پر ایس پی انویسٹی گیشن قانونی کارروائی کرسکیں گے۔

متن کے مطابق ای ٹیگنگ کے لیے ریڈیو فریکوئنسی اور جی پی ایس ٹیکنالوجی استعمال کی جاسکتی ہے، جی پی ایس ٹیکنالوجی کے لیے کسی بھی وقت ملزم کی موجودگی کا پتہ لگا کر ٹریک ریکارڈ بھی رکھا جاسکے گا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے ای ٹیگنگ اب ناگزیر ہوگئی ہے، ای ٹیگنگ سے عدالت سے مفرور ملزمان کا سراغ لگانے میں بھی مدد ملے گی، ای ٹیگنگ کے بعد انہی ملزمان کی جانب سے دوبارہ جرائم کا سراغ لگانا آسان ہوگا۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ ای ٹیگنگ سے چھوٹے جرائم میں قید ملزمان کی رہائی سے جیلوں پر بھی دباؤ کم ہوگا، مخصوص حدود سے بغیر اجازت باہر جانا اور ای ٹیگ اتارنا خلاف ورزی میں شمار ہوگا۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ملزمان کو دوبارہ گرفتاری پر ضمانت نہ دینے کی تجویز ہے، سفارشات کو محکمہ قانون حتمی شکل دے گا، کابینہ اجلاس میں جلد پیش کیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.