پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ آخری 6 سیریز ہم نے جیتی ہیں شاید لوگ وہ بھول گئے، ایک سیریز یا چند میچز کے بعد کسی کو ہٹانے کی باتیں درست نہیں ہیں۔
آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اچھا اسکور کرنے کے باوجود شکست سے مایوسی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتی لیکن یہ سیریز بالکل مختلف تھی، امید نہیں تھی اس سیریز میں ایسی کارکردگی دکھائیں گے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ جہاں کھلاڑی قصور وار ہیں تو ہم بھی ناکامی کی ذمہ داری لیتے ہیں، ہم سیریز میں ناکام ہوئے، جو پلان بنایا اس پر فیلڈنگ نے ساتھ نہیں دیا۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے پاس بیک بینچ مضبوط ہے ہمارا بیک اپ پول زیادہ اچھا نہیں۔
انھوں نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پسند نا پسند کی باتیں پرانی ہیں جو کبھی ختم نہیں ہوتیں، کسی کھلاڑی کو فیور نہیں دی جارہی۔
مصباح الحق نے انگلینڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم چیز ڈسپلن ہے اور انگلینڈ نے ڈسپلن پر ہمیں شکست دی۔
قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ہر شعبے میں ہمیں اپنے ڈسپلن کو بہتر بنانا ہوگا، انگلینڈ کی بینچ اسٹرینتھ نے ہماری فل اسٹرینتھ ٹیم کو شکست دی۔
مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ کہیں نہ کہیں ٹیم کا مومنٹم بریک ہوا، اس کی وجہ تلاش کرنی ہوگی، جیت کے ٹریک سے اچانک ہٹ جانے کی وجہ ڈھونڈنی پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آخری 6 سیریز ہم نے جیتی ہیں شاید لوگ وہ بھول گئے، کوئی بہانہ نہیں بنارہا، سیریز جیتے بھی اور ہارتے بھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ گزشتہ دو سال سے کچھ ہوا ہی نہیں ہے، بابراعظم کو کپتانی کا زیادہ تجربہ نہیں لیکن وہ بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے بابر اعظم اور محمد رضوان کا فارم میں آنا خوش آئند ہے، بولرز کی کارکردگی اس سیریز میں اچھی نہیں رہی، مڈل آرڈر کا مسئلہ سنجیدگی سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک سیریز یا چند میچز کے بعد کسی کو ہٹانے کی باتیں درست نہیں، کئی سیریز جیتیں، میچز جیتے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔
Comments are closed.