وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ ماہ پراپرٹی سروے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو چیف منسٹر ہاؤس میں عالمی بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ عالمی بینک کے وفد میں عبدالرزاق خلیل، احسان تحسین، فرحت اللّٰہ سمیع، حسن افضال، بلال پراچہ، بلال خالد، کامران اکبر جبکہ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنہاسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت صوبائی وزراء، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، شرجیل میمن، مکیش چاولا، سردار شاہ، امتیاز شیخ، جام خان شورو، حارث گزدر، چیف سیکریٹری سہیل راجپورت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی نے کی۔
اجلاس میں مختلف عالمی بینک کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائرہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جائزہ اجلاس بلانے کا مقصد منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنا ہے اور جن منصوبوں میں مسائل کا سامنا ہے ان کو حل کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ جام صادق برج کی مرمت سے متعلق ٹینڈرنگ آخری مراحل میں ہے جس پر وزیراعلیٰ نے ٹینڈر جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جام صادق برج کی مرمت کا کام کراچی موبلٹی کے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے۔
اجلاس میں سندھ سولر منصوبہ کے تحت مانجھند سائٹ کے انتخاب پر وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مانجھند منصوبے کی پی سی 1 پلاننگ کمیشن پاکستان کو منظوری کیلئے بھیجی گئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تحت ہونے والے پانی کی متاثر لائنوں کی مرمت کا کام جاری ہے جبکہ کراچی میں پراپرٹی سروے کے کام سے متعلق ٹیکنکل پہلوؤں پر کام ہو رہا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے آئندہ ماہ پراپرٹی سروے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔
Comments are closed.