بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

PCB کے نئے چیئرمین کے انتخاب کیلئے گورننگ بورڈ کا اجلاس کل ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس کل لاہور میں ہوگا، سابق کپتان رمیز راجہ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کا امکان ہے، نئے منتخب چیئرمین دوپہر میں میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس کل صبح 11 بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوگا۔ 

پیٹرن پی سی بی وزیراعظم عمران خان کے گورننگ بورڈ میں نامزد کردہ سابق کپتان رمیز راجہ چیئرمین منتخب ہوں گے، امکان یہی ہے کہ ان کا انتخاب بلامقابلہ ہوگا جبکہ انتخابی عمل کے بعد نو منتخب چیئرمین میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔ 

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ رمیز راجا ٹیم سلیکشن میں مداخلت نہیں کرسکتے ۔

واضح رہے کہ 1992ء ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن رمیز راجہ چوتھے انٹر نیشنل کرکٹر ہوں گے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی زمہ داریاں سنبھالیں گے، اس سے قبل عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ چیئرمین رہ چکے ہیں۔ 

59 سالہ رمیز راجہ پی سی بی میں چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں، 1984 سے 1997 تک اپنے انٹر نیشنل کیرئیر میں رمیز راجہ نے 57 ٹیسٹ اور 198 ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیلے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں موجودہیں۔

ریٹائر منٹ کے بعد رمیز راجہ نے کمنٹری میں نام کمایا اور انہیں وائس آف پاکستان قرار دیا گیا، انہیں ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.