پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس کل لاہور میں ہوگا، سابق کپتان رمیز راجہ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کا امکان ہے، نئے منتخب چیئرمین دوپہر میں میڈیا سے گفتگو کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس کل صبح 11 بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوگا۔
پیٹرن پی سی بی وزیراعظم عمران خان کے گورننگ بورڈ میں نامزد کردہ سابق کپتان رمیز راجہ چیئرمین منتخب ہوں گے، امکان یہی ہے کہ ان کا انتخاب بلامقابلہ ہوگا جبکہ انتخابی عمل کے بعد نو منتخب چیئرمین میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ 1992ء ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن رمیز راجہ چوتھے انٹر نیشنل کرکٹر ہوں گے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی زمہ داریاں سنبھالیں گے، اس سے قبل عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ چیئرمین رہ چکے ہیں۔
59 سالہ رمیز راجہ پی سی بی میں چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں، 1984 سے 1997 تک اپنے انٹر نیشنل کیرئیر میں رمیز راجہ نے 57 ٹیسٹ اور 198 ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیلے۔
ریٹائر منٹ کے بعد رمیز راجہ نے کمنٹری میں نام کمایا اور انہیں وائس آف پاکستان قرار دیا گیا، انہیں ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا۔
Comments are closed.