ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت کیساتھ مذاکرات کی بحالی کا دار و مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے: اسحاق ڈار

پاکستان
بھارت کیساتھ مذاکرات کی بحالی کا دار و مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے: اسحاق ڈار

فوٹو: پی آئی ڈی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا دارو مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے۔

اسحاق ڈار نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔

انہوں نے مذاکرات کو امریکا ایران کشیدگی کا واحد حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ شروع ہوئی تب ہی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے تحمل کا مشورہ دیا تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا پاکستان سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پر امن حل کے لیے کوشاں ہے، خطے میں پائیدار امن کیلئے نیا سکیورٹی فریم ورک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا بلاک پولیٹیکس مسائل کاحل نہیں، آج کا پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا۔

اسحاق ڈار نے بتایا پاکستان، سعودی عرب، ترکیے اور مصر پر مشتمل 'آر فور' ممالک کا اجلاس اگلے مہینے جرمنی میں ہوگا، استنبول اجلاس میں یورپی ملکوں کی شمولیت سے یہ فورم 'ای فور' کی شکل اختیار کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کیلئے یورپ کی حمایت چاہتا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے خصوصی فورس بنائی ہے۔

بشکریہ جیو نیوز