ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

حکومت کا انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کو برابر نمائندگی دینے سے انکار

پاکستان
حکومت کا انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کو برابر نمائندگی دینے سے انکار

فوٹو: فائل

اسلام آباد: حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف کو حکومت کے برابر نمائندگی دینے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو حکومتی مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹیوں میں حکومت اور اپوزیشن کو یکساں نمائندگی دینے کی کوئی مثال موجود نہیں۔

طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی سے 5 اور سینیٹ سے 2 ارکان کے نام جلد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتخابی اصلاحات سے متعلق ماضی میں قائم تمام پارلیمانی کمیٹیوں کا ریکارڈ دیکھا ہے اور حکومتی فارمولا سابقہ پارلیمانی روایات کے مطابق ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے پی ٹی آئی کے مطالبے کو مسترد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل سے متعلق حکومتی فارمولے پر پی ٹی آئی کا اعتراض قابل قبول نہیں۔

دوسری جانب عامر ڈوگر نے طارق فضل چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی فیصلےسے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی اور اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

بشکریہ جیو نیوز