ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا: خواجہ آصف

پاکستان
صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا: خواجہ آصف

نئے صوبوں کی بحث میں سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں : وزیر دفاع۔ فوٹو فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، نئے صوبوں کے معاملے پر سیاستدانوں کو اپنی ذات کے خول سے باہر نکل کر بات کرنی چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے، وزیراعظم اس ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صدر مملکت اور دیگر لوگوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، نئے صوبوں کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا، اگر راستے بند کرنا شروع کر دیے تو یہ سیاست، ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔

اگر عوام کی رائے ہو تو صوبے بننے چاہئیں: وفاقی وزیر اطلاعات

وزیر دفاع نے کہا کہ کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے، جب خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی باتوں سے معاملے کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں، ملک میں ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس نظام میں ہمارے علاوہ بھی پارٹنرز موجود ہیں۔

بشکریہ جیو نیوز