لائیو , ترکی کی پارلیمنٹ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی: ’اس کا مقصد کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنا نہیں‘

ترکی کی پارلیمان نے سعودی عرب اور پاکستان پر مشتمل مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔
ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین فواد اوکتائے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ اتحاد مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنا نہیں ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان یہ ایک مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق اس اقدام کے بعد یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کے تناظر میں انقرہ کے لیے ریاض کو فوجی معاونت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
جمعے کی صبح ترک ارکانِ پارلیمان کی منظوری کے بعد نافذ ہونے والے اس معاہدے کے تحت کسی ایک فریق پر حملہ تمام فریقوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
600 رکنی پارلیمان میں یہ معاہدہ 119 کے مقابلے میں 279 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔
یہ معاہدہ سات اگست کو سعودی عرب کے شہر مکہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، صدر رجب طیب اردوغان اور پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دستخط کر کے طے کیا تھا۔
معاہدے میں اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور خطے سمیت دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔
ترک پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین فواد اوکتائے نے اس موقع پر واصح کیا کہ ’ترکی کو اس کی مرضی کے خلاف کسی غیر متوقع عمل کا حصہ نہیں بنایا جائے گا جبکہ مستقبل میں فوجی دستوں کی تعیناتی صرف پارلیمان کی منظوری سے ہی ممکن ہو گی۔
اس اتحاد میں شامل ممالک کے وزرا اب تک دو بار، ایک مرتبہ استنبول اور ایک مرتبہ ریاض میں، ملاقات کر چکے ہیں۔
مکہ دفاعی معاہدہ: ترک پارلیمان میں جمع کروائے گئے متن میں کیا ہے؟
ترکی ’مکہ‘ اور ’بدر‘ اتحاد سے کیا حاصل کرنا چاہتا ہے؟
گزشتہ ماہ تینوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے تہران میں بھی مذاکرات کیے تھے تاکہ ایران کے خلاف امریکی جنگ کے تناظر میں دوبارہ لڑائی کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔
معاہدے کے مطابق اتحاد کا سیکریٹریٹ سعودی عرب میں قائم ہو گا۔ ریٹائرڈ پاکستانی جنرل نعمان محمود کو اس کا پہلا سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے۔ وہ ممکنہ طور پر تین سال کی مدت کے لیے اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔
یہ معاہدہ فریقین کو 10 سال کے لیے پابند بناتا ہے، جس کے بعد کسی بھی رکن کو اس سے علیحدگی اختیار کرنے کے لیے تین ماہ قبل نوٹس دینا ہو گا۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ماسکو کے اپنے حالیہ دورے کے دوران انھوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اہم علاقائی معاملات، جنگ کے بعد کی صورتحال اور خطے کے سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ محسن رضائی نے ماسکو میں ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے دوران ایران کے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام بھی روسی صدر تک پہنچایا۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق محسن رضائی نے ملاقات کے بعد کہا کہ روسی صدر کے ساتھ اہم علاقائی امور، جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور خطے کے سکیورٹی انتظامات پر گفتگو اور مشاورت کی گئی۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام پوتن تک پہنچانے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ایران کے رہبر چاہتے تھے کہ یہ پیغام جلد از جلد روسی صدر تک پہنچ جائے۔
محسن رضائی نے یہ بھی بتایا کہ ملاقات میں روس سے ایران تک گیس پائپ لائنوں کی تعمیر پر بات چیت ہوئی تاکہ ایک طرف ایران اپنی گیس کی کمی پوری کر سکے اور دوسری جانب روسی گیس کو پڑوسی ممالک کو فروخت کیا جا سکے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب دونوں رہنماؤں نے پیر کے روز ٹیلیفون پر بھی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
پنجاب کے علاقے پاکپتن کے قریب دیپالپور روڈ پر ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 33 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ جمعرات کی شام پیش آیا اور اطلاع موصول ہونے کا وقت شام چھ بج کر 38 منٹ تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ ایک موٹرسائیکل کو اوورٹیک کرتے ہوئے بس کی تیز رفتار تھی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آٹھ افراد کو معمولی زخم آئے، جبکہ 25 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال پاکپتن منتقل کیا گیا۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں نو روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل پانچ روپے 56 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم جمعےکے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں آپ سب کو خوش آمدید!
اس صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے پیش کرتے ہیں۔
اگر آپ 05 نومبر کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔
بشکریہ بی بی سی اردو