جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، یمن تنازع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا: خواجہ آصف

پاکستان
مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، یمن تنازع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا: خواجہ آصف

فوٹو: فائل

مکہ دفاعی اتحاد کے ممالک کا اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو بتایا ہے کہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے حکام کل اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور یمن میں حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی واضح طور پر اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی اور یہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے‘۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیے اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

مکہ معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں، یہ تینوں ممالک کی شراکت داری کی علامت ہے: اسحاق ڈار

ترکیہ کی پارلیمنٹ نے پاکستان اور سعودی عرب کیساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کردی

مکہ دفاعی معاہدے کے اعلیٰ حکام کی ایرانی قیادت سے ملاقات، تعاون مضبوط بنانے کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاہدے کے مطابق ’سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیے کے لیے خطرہ ہے اور یہ بات بالکل واضح ہے‘۔ انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت وسیع علاقوں پر قابض حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے حوالے سے سعودی عرب کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مکہ معاہدہ ابھی ’ابتدائی مرحلے‘ میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ابتدائی طور پر ہمیں اس معاہدے کے تحت ترتیب دیے جانے والے امور کو درست سمت دینے کے لیے تواتر کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ آئندہ چند مہینوں میں تمام انتظامات مکمل ہو جائیں اور ہم آگے بڑھ سکیں‘۔

خواجہ آصف نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اسرائیل کی جانب سے کسی تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے، اس لیے خطے کے ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے‘۔

بشکریہ جیو نیوز