ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک نے پی آئی اے کے ساتھ معاہدہ اچانک معطل کردیا

نورس اٹلانٹک کی جانب سے اچانک آپریشن معطل کیے جانے پر برطانیہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں متاثر ہوئیں/ فائل فوٹو
ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک نے پی آئی اے کے ساتھ اپنا معاہدہ اچانک معطل کردیا۔
پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نورس اٹلانٹک کی جانب سے معطلی ایسے وقت پر کی گئی جب لندن اور مانچسٹر میں پی آئی اے کے مسافروں کا چیک ان شروع ہونے والی تھا۔
نورس اٹلانٹک کی جانب سے اچانک آپریشن معطل کیے جانے پر برطانیہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں متاثر ہوئیں اور اسلام آباد پی کے 786 اور مانچسٹر تا لاہور پی کے 710 منسوخ کردی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نورس اٹلانٹک نے پرواز سے کچھ لمحوں قبل بغیر کسی پیشگی اطلاع کے آپریشن معطل کردیا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے دوسری ائیرلائن پر انحصار ختم کرنے اور فضائی آپریشن کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات لے لئے گئے ہیں۔
پی آئی اے کل 26 نومبر سے برطانیہ کے تمام آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلائے گا اورکل سے پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق چلانے کے لیے متبادل انتظامات مکمل ہیں۔
واضح رہے پی آئی اے نے اس سال 8 اکتوبر کو نورس اٹلانٹک سے چھ ماہ کیلئے دو بوئنگ 787 طیارے ویٹ لیز پر لینے کا معاہدہ کیا تھا۔
یکم نومبر سے نورس اٹلانٹک کے طیاروں نے پی آئی اے کیلئے پروازیں شروع کی تھی صرف 25 دن میں ہی یہ معاہدہ معطل ہو گیا۔
بشکریہ جیو نیوز