صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی، بلاول

فوٹو: اسکرین شاٹ
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی، پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانےکی قرارداد منظور کی گئی ہے ، سندھ اسمبلی نے مستردکی ہے، وہ دونوں اسمبلیوں کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ سندھ میں احتجاج کرنے والے ہمیں وفاق پرست کہتے ہیں ، اسلام آباد میں ہمیں قوم پرست کہا جاتا ہے ، ہم پاکستان پرست ہیں۔کراچی میں میری پریس کانفرنس کے بعد نامناسب رد عمل آیا ، وہ کسی پر نہ تنقید کررہے ہیں کہ یہ 9 مئی میں ملوث ہیں، نہ کسی کو گالی دے رہے ہیں، وہ تو صرف اپنا موقف دے رہے ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہےکہ ان کی آواز دبائی جاسکتی ہے تو یہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی،جو فیصلہ پنجاب اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا، جو فیصلہ سندھ اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ بھی کھڑا ہوں گا، تمام صوبوں کے لیے پیپلزپارٹی کی ایک رائے ہے، پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ ن کی حکومت میں منظورہوئی، سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرار داد متعدد بارمسترد کی، میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، میں نے پنجاب کے چارٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ جو حالات کراچی کو دیکھنا پڑے وہ لاہور کو دیکھنا نہیں پڑے، بہت دیر بعد ہم نے کراچی میں امن قائم کیا، سندھ کی سیاست میں پیپلزپارٹی کو روکنےکے لیے نفرت کابیج بویا گیا، میں خبردار نہیں کررہا تھا، صرف خطرے کی گھنٹی بجارہا تھا، قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اس دن ایم کیو ایم نے جلسے کا فیصلہ کیا، اب وہ دوسرا جلسہ تب رکھ رہے ہیں جب سندھ میں کلچرڈے ہے،لگتا ہے جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ جب تک ہم سب کا انتخابی نظام پر اعتماد نہیں ہوگا ، تمام الیکشنز اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے، موجودہ حالات میں ملک کو ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے ، ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ فنانس کمیٹی میں بیٹھے۔ معاشی طور پر ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرناپڑےگا، اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو جلد اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں اس سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں، پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں کیے جائیں ، پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلے حتمی نہیں ہوتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابات پر جماعتوں کے اعتراضات ہوں گے وہ متنازع ہوں گے، یہ پہلا الیکشن ہے جس پر حکومتی جماعتوں اوراپوزیشن کو اعتراض ہے، حکومتی جماعتیں اوراپوزیشن جماعتیں دونوں اسے دھاندلی زدہ کہہ رہی ہیں۔ موجودہ ججز اس عدالتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔سمجھتا ہوں ریزرونشستیں پی ٹی آئی کو ملنی چاہیے تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے 27ویں ترمیم پر Brute Majoritry سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 27 ویں ترمیم پرBrute majorty کے ان کے الفاظ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی،27 ویں ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرائی گئی، اس ترمیم پر اپوزیشن کا اعتماد نہیں ہے،لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ 27 ویں ترمیم کو پھاڑ دیا جائے، بہتر اور زیادہ اتفاق رائے سے جو ترمیم ہوتی ہے اس کی طاقت زیادہ ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کی بحث میں نے شروع نہیں کی، اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے توکیوں ہے، سسٹم کولیپس کیسے ہوا، خودبخود ہوا یاسیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا؟ جب تک یہ طے نہیں کرسکتےکہ سسٹم کولیپس کیوں ہوا، اسے بحال نہیں کیا جاسکتا، 1973 کااآئین خود بخود کولیپس نہیں ہوا کرایا گیا ہے۔
بشکریہ جیو نیوز