اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

موٹر ویز بند کرنے کے اعلانات کرنے والے کہاں گئے؟ وزیر پنجاب کی مولانا فضل الرحمن پر تنقید

قومی خبریں
موٹر ویز بند کرنے کے اعلانات کرنے والے کہاں گئے؟ وزیر پنجاب کی مولانا فضل الرحمن پر تنقید

لاہور: صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے عوام نے مولانا فضل الرحمن کو مسترد کردیا ہے، عوام کو ان کی جماعت کی پالیسیوں کا بخوبی علم ہوچکا ہے، نوجوان بھی سوال کررہے ہیں کہ انہوں نے ان کے حقوق کے لیے کون سی جنگ لڑی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جمعے کے روز ملک کی موٹر ویز بند کرنے کے اعلانات کرنے والے اب کہاں ہیں؟ عوام نے ان کی سیاست کو مسترد کردیا ہے اور ملک بھر میں ان کی جماعت کے حوالے سے عوامی ردعمل واضح ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ نوجوان نسل اب سیاسی رہنماؤں سے سوالات کررہی ہے اور پوچھ رہی ہے کہ ان کے حقوق کے لیے کون سی جدوجہد کی گئی۔ عوام کو سیاسی جماعتوں کی پالیسیوں اور ان کے طرز عمل کا اندازہ ہوچکا ہے، محض اعلانات اور دعوؤں سے نوجوانوں کے مسائل حل نہیں کیے جاسکتے۔

وزیر تعلیم پنجاب نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے طلبہ کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے یا ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی تو اسے سمجھ لینا چاہیے کہ ریاست سے بڑا کوئی نہیں ہوتا،طلبہ کو سیاسی سرگرمیوں میں استعمال کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

رانا سکندر حیات نے مولانا فضل الرحمن کے اسلام آباد میں ایک گھر سے متعلق بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک افغان شخص کے گھر کو اپنا گھر قرار دے رہے ہیں، انہیں بتانا چاہیے کہ اس گھر کی خریداری کے لیے ان کے پاس کیا ذریعہ معاش اور مالی تفصیلات موجود ہیں۔

انہوں نے افغانستان سے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور افغان شہریوں کے گھروں سے متعلق بھی سوالات اٹھات ہوئے کہا کہ ان معاملات کی وضاحت سامنے آنی چاہیے۔ وزیر تعلیم پنجاب نے عدالت سے درخواست کی کہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ان کے اثاثوں اور جائیدادوں کی خریداری کے حوالے سے منی ٹریل طلب کی جائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت