سام سنگ کا انسان نما روبوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ
سام سنگ نے انسان نما روبوٹ کی تیاری میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے اس کا ابتدائی نمونہ تیار کرلیا، جسے جنوری 2027 میں پہلی مرتبہ عوامی سطح پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ کمپنی کا منصوبہ صنعتی شعبے میں ایسے روبوٹس استعمال کرنا ہے جو انسانی ہاتھوں کی طرح مختلف اشیا اٹھانے، انہیں منتقل کرنے اور درست مقام پر رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق معاملے سے باخبر ایک شخص نے بتایا کہ سام سنگ الیکٹرانکس نے گزشتہ ہفتے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے نئے انسان نما روبوٹ کا عملی مظاہرہ کیا۔ کمپنی اس روبوٹ کو امریکی شہر لاس ویگاس میں جنوری 2027 کے دوران منعقد ہونے والی کنزیومر الیکٹرانکس نمائش میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مظاہرہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں واقع سام سنگ کے روبوٹکس تحقیقی مرکز میں کیا گیا، جس میں کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹو ٹی ایم روہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر روبوٹ کے جسمانی توازن اور حرکات کو قابو میں رکھنے کے علاوہ اس کے بازوؤں اور ہاتھوں کی مدد سے مختلف اشیا اٹھانے اور انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
سام سنگ کی توجہ بالخصوص روبوٹ کے ہاتھوں کی مہارت اور اشیا کو مضبوطی کے ساتھ درست انداز میں پکڑنے کی صلاحیت پر مرکوز ہے۔ صنعتی کارخانوں میں ایسے روبوٹس کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ وہ مختلف اشیا کو قابل اعتماد طریقے سے اٹھانے، گھمانے اور مطلوبہ مقام پر رکھنے کے قابل ہوں۔ معمولی سی غلطی بھی پیداواری عمل کو متاثر کرسکتی ہے، اس لیے کمپنی ان کی کارکردگی کو انتہائی قابل اعتماد بنانے پر کام کر رہی ہے۔
اس حوالے سے سام سنگ کے روبوٹکس ایکسپیرینس شعبے کے سربراہ کرس ہاؤزر نے گزشتہ ستمبر میں کہا تھا کہ صنعتی ماحول میں روبوٹس کی کامیابی کی شرح 99.99 فیصد تک ہونا ضروری ہے۔ ان کے مطابق 99 فیصد درستگی بھی فیکٹریوں میں روبوٹس کے استعمال کے لیے کافی نہیں ہوگی، کیونکہ صنعتی پیداوار میں معمولی غلطی بھی قابل قبول نہیں ہوتی۔
کمپنی نے رواں سال مارچ میں اپنے مستقبل کے صنعتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2030 تک اپنی فیکٹریوں کو مصنوعی ذہانت سے لیس جدید پیداواری مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں مینوفیکچرنگ کے مختلف مراحل میں انسان نما روبوٹس سے بھی کام لیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت جنوبی کوریا کے شہر گومی میں روبوٹس کی تیاری کے لیے ایک خصوصی پیداواری لائن قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
سام سنگ نے روبوٹکس کے شعبے میں اپنی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے گزشتہ سال جولائی میں روبوٹکس ایکسپیرینس کے نام سے ایک الگ شعبہ قائم کیا تھا۔ یہ یونٹ براہ راست کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹو ٹی ایم روہ کو رپورٹ کرتا ہے اور روبوٹس کی تحقیق، ان کی تیاری اور تجارتی سطح پر نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔ کمپنی نے اس شعبے میں اپنی تحقیق کو وسعت دینے کے لیے امریکا، چین اور جاپان میں بھی تحقیقی مراکز قائم کر رکھے ہیں۔
روبوٹکس کی صنعت میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے سام سنگ سرمایہ کاری کے ساتھ دیگر کمپنیوں کے حصول کی حکمت عملی بھی اپنا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی نے 2024 میں جنوبی کوریا کی روبوٹ تیار کرنے والی کمپنی رینبو روبوٹکس کے اکثریتی حصص حاصل کیے تھے، جس کے بعد روبوٹکس کے شعبے میں اس کی موجودگی مزید مضبوط ہوئی۔
جنوری 2027 میں ہونے والی کنزیومر الیکٹرانکس نمائش میں سام سنگ کو انسان نما روبوٹس کی صنعت میں پہلے سے سرگرم بڑی کمپنیوں سے مقابلے کا سامنا بھی ہوگا۔ اس میدان میں چین کی یونٹری، امریکا کی ٹیسلا اور جنوبی کوریا کی ہنڈائی موٹرز کی ذیلی کمپنی بوسٹن ڈائنامکس نمایاں حریف سمجھی جاتی ہیں۔ سام سنگ کی جانب سے نئے روبوٹ کی رونمائی کو صنعتی روبوٹکس کے شعبے میں کمپنی کی آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت