ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے پر ایم کیو ایم کی اتوار کی ریلی منسوخ

قومی خبریں
کراچی: انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے پر ایم کیو ایم کی اتوار کی ریلی منسوخ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے انتظامیہ کی جانب سے اجازت نامہ جاری نہ ہونے کے بعد اتوار کو شیڈول اپنی ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

کمشنر آفس کے حکام نے بتایا کہ پولیس افسران نے مزار قائد اور شاہراہ فیصل سمیت دیگر اہم مقامات پر ریلی کی اجازت نہ دینے کی سفارش کی تھی، جس کی روشنی میں اب اس پروگرام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ضلعی انتظامیہ نے ایم کیو ایم پاکستان کو ریلی کے انعقاد کے حوالے سے نئی تجویز جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع نے بتایا کہ جلسے کی درخواست پہلے سندھ ترقی پسند پارٹی نے دے رکھی تھی، لہٰذا دو سیاسی گروہوں میں ممکنہ ٹکراؤ اور بدامنی کے پیش نظر ریلی کی اجازت دینا ممکن نہیں تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کل کی ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حتمی فیصلے کا باقاعدہ اعلان آج بہادر آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا جائے گا جہاں پارٹی کے ذمہ داران میڈیا کو اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت