سندھ ہائیکورٹ کے ایم سی اور صوبائی حکومت پر برہم، ٹینڈرز پر حکم امتناع برقرار

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران صوبائی حکومت اور کے ایم سی کی کارکردگی پر شدید برہمی ظاہر کی ہے۔
سماعت کے موقع پر کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جاری کردہ حکمِ امتناع کی وجہ سے تمام ترقیاتی کام رکا ہوا ہے جس سے عوامی سطح پر مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
جسٹس سلیم جیسر نے جواباً کہا کہ ہمیں بخوبی علم ہے کہ سندھ حکومت میں کیا ہو رہا ہے، آپ لوگ خود شفافیت سے کام نہیں کرتے اور پھر عدالتوں کو برا بھلا کہتے ہیں۔
جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہا کہ حکام اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈالنے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ وہاں کیسے نااہل افسران بٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کام رکنے کے ذمہ دار حکام خود ہیں جو ناصرف اپنا بلکہ عدالتوں کا قیمتی وقت بھی مسلسل ضائع کر رہے ہیں۔
عدالت نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز اور بولیوں پر جاری حکمِ امتناع کو آئندہ سماعت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے درخواست گزار کو اپنا جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی تاکہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت